اولسی پاسون تحریک کے زیر اہتمام بد امنی کےخلاف امن ریلی

لکی مروت(غلام اکبر مروت سے)لکی مروت میں اولسی پاسون تحریک کے زیر اہتمام ضلع میں جاری بد امنی کے خلاف امن ریلی نکالی گئی۔جس میں سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں سمیت شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی،لکی مروت میں گزشتہ کئی مہینوں سے جاری بدامنی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، اولسی پاسون تحریک کے زیر اہتمام امن چوک سے شہید عابد علی چوک تک امن ریلی بھی نکالی گئی جس میں ضلع بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

ریلی میں پی ٹی ایم کے منظور پشتین اور اے این پی کے صوبائی نائب صدر شاہی خان شیرانی نے خصوصی طور پر شرکت کی،ریلی میں پی ٹی آئی کے جوہر خان، ڈاکٹر اقبال، اے این پی کے ملک علی سرور خان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی لیگل سیکرٹری فہیم مروت ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر اسماعیل خان، تاجر یونین صدر فضل رحیم، پشتون تحفظ مومنٹ کے منظور پشتون، اسرارخان، گوہرخان، تحریک حقوق لکی مروت کے ایڈووکیٹ برہان خان، انجینئر احسان خان، سماجی کارکن ملک وقار احمد، انعام خان، محسن تعبیر خان اور دیگر نے شرکت کی۔ریلی میں عوام نے بدامنی کے خلاف اور امن کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر متفقہ قرارداد کے ذریعے کارگل چوک لکی مروت کو امن چوک کا نام دیا گیا،مقررین نے کہاآپریشن کے نام پر کسی صورت گھروں کو خالی نہیں کریں گے، امن کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں،علاقہ مروت قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمیں اپنا حق چاہیے، اس موقع پر منظور پشتین نے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر پشتونوں کے علاقے میں کاروائیاں بند نہ کی گئیں تو عوام کو لے کر حکمرانوں کے محلات کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوں گے، پشتونوں کی سرزمین کو عالمی سازش کے تحت بدامنی کا شکار بنایا جا رہا ہے،ان کو زمین کے نیچے تیل اور گیس کے ذخائر نظر آتے ہیں لیکن زمین کے اوپر ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ہسپتال اور سکول نظر نہیں آتے۔ ہمیں آپس کے جھگڑے اور عداوتیں چھوڑ کر امن دشمن قوتوں کے خلاف ایک قوم بننا ہوگا۔