سابق وزیر اعلیٰ کے گھر چھاپہ، پولیس پرویز الہی کی گرفتاری میں ناکام

لاہور ( )تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے گھر پولیس اور اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا ، پرویز الہی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم لاہور پولیس کی معاونت سے پرویز الہیٰ کی گرفتاری کے لیے ظہور الہٰی روڈ پر قائم رہائش گاہ پہنچی۔ اینٹی رائٹس فورس کے اہلکار بھی رہائش گاہ کے باہر موجود رہے۔


ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ پر بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت لینے کا مقدمہ گوجرانوالہ میں درج ہے جس پر پولیس گرفتاری کے لیے آئی۔

اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی تو رہائش گاہ سے پولیس پر پریشر سے پانی اور مٹی کا تیل بھی پھینکا گیا۔


گیٹ زبردستی کھولنے کی کوشش پر کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر صورت حال کشیدہ ہوئی۔ بعد ازاں پولیس نے بکتربند گاڑی سے پرویز الہیٰ کے گھر کا مرکزی دروازہ توڑا اور پھر نفری داخل ہوئی۔


پولیس نے مزاحمت اور احتجاج کرنے والے ملازمین کو گھر سے گرفتار کر لیا جبکہ ایک خاتون کو بھی مبینہ طور پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے شجاعت کے گھر کا دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی جس پر چوہدری شافع اور سالک نے بطور وفاقی وزیر اپنا تعارف کروایا تاہم اہلکاروں نے ایک نہ سنی اور دروازے پر لاتیں ماریں۔

پولیس کی جانب سے شیشے توڑنے کے سبب چوہدری شافع کا ہاتھ زخمی ہوگیا ۔