بھاگو مت،آﺅ الیکشن کے میدان میں مقابلہ کرو،عمران خان کاحکومت کو چیلنج

لاہور (خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے ملک میں مجھے انصاف نہیں ملا تو عام شہریوں کو کیسے ملے گا؟نواز شریف کا سب کچھ بیرون ملک ہے تو پاکستان کے فیصلے کیسے کر سکتا ہے، نواز شریف حکم دے رہا ہے عمران خان کو نااہل کیا جائے۔

پارٹی کے یوم تاسیس اور پنجاب میں انتخابی مہم کے آغاز پرکارکنوں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکرکٹ کی دنیا کا واحد کپتان ہوں جس نے نیوٹرل امپائر کھڑے کیے، پی ٹی آئی حکومت کو سلیکٹڈ کہتے رہے، چیلنج کرتا ہوں اسٹیبلشمنٹ تمہارے ساتھ کھڑی ہے تو آو الیکشن میں مقابلہ کرو، ضمنی الیکشن میں امپائر ساتھ ملا کر بھی ہار گئے، چیلنج کرتا ہوں بھاگو نہیں آو الیکشن کے میدان میں، نواز شریف پہلے مشرف دور میں بھاگا تھا اب عدالت سے سزا ہوئی تو پلیٹ لیٹس اوپر کر کے باہر بھاگ گیا۔

2011 میں مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر الیکٹ ایبل نے پی ٹی آئی میں آنا شروع کیا، نواز شریف آج تک مینار پاکستان میں جلسہ نہیں کر سکے، خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ہے وہاں کے لوگ کسی جماعت کو دوسری بار حکومت نہیں بنانے دیتے لیکن تحریک انصاف نے پھر حکومت بنائی،2013 کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی، تب صرف 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا،4حلقے کھلے تو دھاندلی ثابت ہوگئی، مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ ہے اپنے امپائروں کے بغیر میچ نہیں کھیل سکتے۔

ای وی ایم آ جاتی ہے تو 90 فیصد دھاندلی ختم ہو جائے گی، 2سال کوشش کرتا رہا ای وی ایم کو لایا جائے، تمام جماعتوں اور ہینڈلرز نے نہیں آنے دی،عمران خان نے مزید کہامعاشرے میں انصاف ہونے سے لوگ آزاد ہو جاتے ہیں اگر انصاف ہو گا تو کوئی طاقتور جرم نہیں کرے گا، برطانیہ میں شہزادوں کو بھی قانون توڑنے پر جرمانہ ہو جاتا ہے۔

پاکستان کے سسٹم میں کرپٹ لوگ پیسہ بناتے ہیں، مغرب میں چوروں کو این آر او نہیں دیا جاتا ،سزا ملتی ہے،پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے والے لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، قانون کی حکمرانی نہیں ، جنرل (ر) باجوہ نے چوروں کو اپنی ایکسٹینشن کیلئے مسلط کیا، ایک سال میں 9 لاکھ پاکستانیوں نے ملک چھوڑ دیا،سرمایہ کار بھی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، ملکی خوشحالی کیلئے ایک چیز ہے انصاف،انصاف کیلئے قربانیاں دینا پڑیں گی، انہوں نے 1100 ارب کی چوریاں معاف کرا لیں، ڈر ہے کہیں عمران خان اقتدار میں نہ آجائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اپنی چوری بچانے کیلئے چیف جسٹس کے پیچھے پڑے ہیں، چیف جسٹس انصاف کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان کا سارا سسٹم غلاموں کا بن گیا،آزاد قوم نہیں، مجھ پر حملہ ہوا لیکن 3 طاقتوروں کیخلاف پرچہ درج نہیں کرا سکا، طاقتوروں نے پکڑے جانا تھا انویسٹی گیشن کو ہی سبوتاژ کر دیا اگر مجھے انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے ملے گا،کارکنوں کےساتھ جیلوں میں بدترین سلوک کیا جا رہا ہے۔

اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے اغوا کیا گیا، علی امین گنڈا پور کے ساتھ جو سلوک ہوا کوئی مغرب میں سوچ بھی نہیں سکتا، میرے سکیورٹی چیف کو اٹھا کر لے گئے، طاقتور کو سزا نہ دینے والا معاشرہ تباہ ہوجاتاہے،لندن کے مہنگے فلیٹس پاکستان کے چوری کے پیسوں سے خریدے گئے، مافیا اداروں کو تباہ کرتاہے،شریف خاندان کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہے، پاکستان صرف پیسے بنانے آتے ہیں ایسا تو صرف بنانا ری پبلک میں ہوتا ہے،ملک کا مستقبل صرف ایک ہے سب کو حقیقی آزادی کی جدوجہد کرنا ہوگی، جب تک ملک میں انصاف نہیں ہوگا خوشحالی، جمہوریت نہ ہی آزادی ملے گی اگر چور اوپر رہ گئے تو پاکستان کا نمبر انصاف دینے میں 140 سے بھی اوپر چلا جائے گا، میرا ایمان ہے تحریک انصاف کی 28 ویں سالگرہ پر ہماری حکومت ہو گی اور ملک دلدل سے نکل گیا ہوگا۔