ٹی ٹونٹی میں زیادہ بار صفر پر آﺅٹ ہونے کو مثبت لیتا ہوں:عبداللہ شفیق

لاہور (مشرق نیوز) کرکٹر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں زیادہ بار زیرو پر آﺅٹ ہونے کو مثبت لیتا ہوں، میں اپنی خامیوں کو دور کروں گا، اب موقع ملا تو فائدہ اٹھاﺅں گا۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھرپور تیاری ہے، اس وقت ہم ٹی ٹونٹی سیریز بھی ساتھ ساتھ دیکھ رہے ہیں، ٹی ٹونٹی سیریز دیکھ کر بولنگ اور پلان کا اندازہ لگا رہے ہیں اور نیوزی لینڈ کی اسٹرنتھ کو سامنے رکھ کر تیاری کر رہے ہیں، ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کے بعد اب انفرادی طور پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔عبداللہ شفیق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے، میگا ایونٹس سے پہلے ہمارے آٹھ ون ڈے میچز اہمیت کے حامل ہیں، تمام کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ اچھا پرفارم کر کے تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، افغانستان کے خلاف اچھا نہیں کر سکا لیکن پلیئر کو جو موقع ملے اس سے فائدہ اٹھانا ہوتا ہے، اب نیوزی لینڈ سیریز پر فوکس ہے جہاں تک ناپسندیدہ ریکارڈ کی بات ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ ناپسندیدہ ریکارڈ آپ کو بڑا پلیئر بھی بنا دیتے ہیں۔