الیکشن فنڈز بل مسترد کرنے کی سفارشات سینٹ سے بھی منظور

اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن فنڈز بل مسترد کرنے کی سفارشات سینٹ سے بھی منظور،اپوزیشن کاشدید احتجاج،کاپیاں پھاڑ دیں،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینٹ اجلاس ہوا ،قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے رکن انوارالحق کاکڑ نے تحریک پیش کی مالیاتی بل، عام انتخابات (پنجاب و خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلیوں)کیلئے رقوم مختص کرنے کے بل 2023قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیرغور لایا جائے۔

اپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا، چیئرمین سینٹ نے ایوان سے رپورٹ پر رائے لی تو اپوزیشن نے باقاعدہ رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا، چیئرمین نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا جس پر تحریک کے حق میں 26اور مخالفت میں 18اراکین نے ووٹ دیا اور تحریک کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔

جبکہ چیئرمین نیب کے اختیارات میں اضافے کا نیب ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن نے شورشرابہ کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔