لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 13 واں اجلاس ہوا، اجلاس کو کچے کے علاقے میں دہشتگردوں کےخلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن پر بریف کیا، کابینہ نے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا ا ظہار کیا او ر آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کی بہادری و جذبے کو سراہا، پنجاب کابینہ نے کچا آپریشن کے اخراجات کیلئے فنڈز کی منظوری دےدی۔
کچے کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بعد پائیدار پلان کے تحت انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا، کابینہ نے وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پیکیج کے تحت حق دار کو حق دیا،صوبائی وزرا، انتظامی و پولیس افسروں و عملے نے دن رات محنت کرکے مفت آٹا پیکیج کو کامیاب بنایا، پوری مشینری نے ٹیم ورک کے طور پر ڈلیور کیا جس پر شاباش دیتا ہوں،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی کی سمگلنگ روکنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا پنجاب کے خارجی راستوں کی سخت نگرانی جاری رکھی جائے ،چینی کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پنجاب حکومت لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن میں گلگت بلتستان حکومت سے تعاون کرے گی ،پنجاب کابینہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے معاہدہ کرنے کی منظوری دی، پنجاب کابینہ نے چلڈرن ہسپتال کی نئی سکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 میں شامل کرنے ،یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور میں ایڈوانس پیڈیاٹرک ریڈیو تھراپی یونٹ کے قیام کیلئے اراضی مختص ،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر انتظام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری بھی دےدی۔
راولپنڈی،گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتالوں کے نام تبدیل کئے جائیں گے،کابینہ اجلاس میں سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی فنڈ کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاج پیلس ہال ہربنس پورہ میں قائم مفت آٹا سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور سنٹر میں شہریوں کےلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 25 رمضان المبارک کو پنجاب بھر کے مفت آٹا سنٹرز رات تک کھلے رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، انہوں نے سنٹر پرشہریوں کی تعداد کے مطابق سہولتیں و انتظامات بڑھانے کا حکم بھی دیا،نگران وزیراعلیٰ نے مرد و خواتین کی شکایات بھی سنیں اور فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا سنٹرز پر آنے والے ہر شہری سے عزت سے پیش آیا جائے اور جلد پراسیس مکمل کیا جائے،بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے،تعطل نہیں آنا چاہئے اور سنٹرزپر موجود شہریو ں کو ہر صورت آٹا ملنا چاہیے۔
کچہ آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں گے،پنجاب کابینہ،آپریشنل اخراجات منظور



















