عمران خان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، چیف جسٹس نے جوڈیشل مارشل لاءلگادیا،فضل الرحمن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سربراہ پی ڈی ایم و جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے عمران خان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، چیف جسٹس نے سارے اختیارات پر قبضہ کرکے عدالتی مارشل لا لگادیا،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاچیف جسٹس نے الیکشن کمیشن، پارلیمنٹ اور حکومت کے اختیارات پر قبضہ کرلیا ، الیکشن شیڈول بھی دےدیا، رجسٹرار سپریم کورٹ کی تعیناتی حکومت کا اختیار ہے لیکن چیف جسٹس نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رجسٹرار کو روک کرجوڈیشل مارشل لا نافذ کردیا۔

ابھی ایکٹ بنا بھی نہیں لیکن چیف جسٹس نے بنچ بنادیا، آئینی طور پر اختیارات تقسیم ہیں پھر کیوں مداخلت کی جارہی ہے، کسی ادارے کو دوسرے ادارے کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے،سربراہ پی ڈی ایم نے عمران خان سے کسی بھی مذاکرات کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا عمران خان سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے، سیاست اتنی گرگئی مذاکرات کی بات کرتے ہیں، کبھی مذاکرات نہیں کریں گے،2018 میں اسٹیبلشمنٹ دھاندلی کی پشت پناہی کررہی تھی۔

فضل الرحمن نے مزید کہاپیپلز پارٹی کا اپنا سیاسی فلسفہ ہے،پہلے بھی کہا تھا اسمبلیوں سے مستعفی ہوں اور نئے الیکشن کی طرف جائیں لیکن پی پی نے کہا عدم اعتماد لائیں اتفاق کیا، ہماری بات مان لی جاتی تو الیکشن ہوچکے ہوتے اور ملک میں کوئی ہیجان نہ ہوتا، مہنگائی مشکل کا باعث بن رہی ہے اور عمران خان اسے اپنی اڑان کےلئے استعمال کررہا ہے اب نئے تجربے نہیں کرسکتے۔

جے یوآئی کو دھرنے کو اٹھانے کےلئے جنرل باجوہ کے نمائندے جنرل فیض،پرویز الٰہی شجاعت اور ٹیم کےساتھ مذاکرات میں طے ہوا تھا اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کرائیں گے تاریخ بھی طے ہوئی تھی لیکن دھرنا ختم ہونے کے بعد مکر گئے کہا ایسی تو کوئی بات ہی نہیں ہوئی تھی، اتنی ذمہ دار پوسٹوں پر بیٹھنے والے لوگ بھی ایسی کچی باتیں کرتے ہیں، ایک وعدہ نہیں جنرل باجوہ اور فیض حمید کی کس کس بات کو روئیں گے، اب ادارے کا فرض بنتا ہے خود سوچیں،تمام جماعتوں کا اتفاق ہے الیکشن اکٹھے ہوں گے، پورے قومی تصور کو عمران خان کےلئے قربان نہیں کرسکتے۔