اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے اسمبلیاں خاص مقصد کےلئے توڑی گئیں اگر قوم سرنگوں ہوتی ہے تو ہر عام انتخابات سے 6 ماہ قبل پنجاب کے الیکشن ہوں گے،متنازع الیکشن سے ملک میں افراتفری پھیلے گی، چیف جسٹس سے گزارش ہے کسی کی ضد پر ملک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
فرد واحد کی تسکین کیلئے ملک کو آمریت کے اندھیروں میں نہ دھکیلیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے لائرز کمپلیکس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رانا ثنا نے مزید کہاملک میں متنازع الیکشن کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عوام میں جانے میں کوئی خوف نہیں ،الیکشن صرف فرد واحد کی انا، ضد، خود پرستی کی تشکیل کیلئے کرایا جا رہا ہے، اسمبلیاں ٹوٹی نہیں خاص مقصد کیلئے توڑی گئیں، پنجاب اپنے تینوں بھائیوں کےساتھ ملکر جمہوریت کے سفر کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
پنجاب کے الیکشن عام انتخابات پر اثر انداز ہوں گے،چیف جسٹس صاحب سے گزارش کروں گا الیکشن میں سکیورٹی پوری نہیں ہوگی، حلقوں میں ججز ریٹرننگ افسرنہیں ہوں گے تو پورے ملک کو خون میں نہلانے والی بات ہے، ملک کو 1970 کے الیکشن نے دولخت کیا، 1977 کے الیکشن کو آمریت کے اندھیروں میں دھکیلا۔
وکلا برادری ملک کو مشکل سے بچائے،رانا ثنا نے کہا ن لیگ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، وکلا برادری معاشرے کا لازمی حصہ ہے، لائرز کمپلیکس پر تقریباً 2 ارب لاگت آئے گی، لائرز کمپلیکس کو 12 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
چیف جسٹس فرد واحد کی تسکین کیلئے ملک کو آمریت کے اندھیروں میں نہ دھکیلیں،رانا ثنا



















