لاہور(خبر نگار)انتخابات التوا کیس میں فل کورٹ ورنہ بائیکاٹ،حکومتی اتحاد کافیصلہ،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماوں کا اہم اجلاس لاہور میں ہوا ،سابق صدر آصف زرداری، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، جے یو آئی وپی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمن، چودھری سالک ، مریم نواز، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی شریک ہوئے جبکہ قائد ن لیگ نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، وزیر اعظم کی معاونت کےلئے شاہد خاقان عباسی، وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ، ملک احمد خان اور اٹارنی جنرل سمیت دیگر رہنما بھی اجلاس میں شریک رہے۔
ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی اورسپریم کورٹ میں پیدا ہونےوالی صورت حال ،2صوبوں میں انتخابات پرمشاورت ایجنڈے میں شامل رہی،وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے شرکا کو قانونی معاملات پر بریفنگ دی،ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے 3 رکنی بنچ کے بائیکاٹ کی تجویز دیتے ہوئے کہافل کورٹ بنے تو ٹھیک ورنہ بائیکاٹ کر دیا جائے، سیاسی جماعتوں کے مطالبے کے باوجود فل کورٹ تشکیل نہیں دیا جارہا،3رکنی بنچ سے انصاف کی کوئی توقع نہیں کیونکہ 3رکنی بنچ میں ثاقب نثار زدہ لوگ شامل ہیں،بنچ کا بائیکاٹ کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ۔
شرکا نے کہاکیس میں تمام سیاسی جماعتوں کو باقاعدہ فریق بنایا جائے، محاذ آرائی سے بچنے کیلئے مذاکرات کے آپشن پر بھی غور کیا گیا،شرکا نے وزیراعظم کو مشاورت کیلئے ٹاسک دےدیا تاہم واضح کردیا تحریک انصاف کے کسی بھی غیر آئینی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، سیاسی قیادت کی اکثریت کے مطالبے کے باوجود فل بنچ کا نہ بننا خاص ایجنڈے کی نشاندہی ہے،اجلاس میں تجویز سامنے آئی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہو کر3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کریں،3رکنی بنچ کے بائیکاٹ کرنے کے مشورے پی ڈی ایم قیادت سے بھی موصول ہوئے ،نوازشریف نے توثیق کر دی،ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیااٹارنی جنرل پیر کو3 رکنی بنچ کی کارروائی کے بائیکاٹ سے سپریم کورٹ کو آگاہ کریں گے،اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیاملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات ہونے چاہئیں، شفاف و آزادانہ انتخابات کے انعقاد کا بنیادی دستوری تقاضا ہے،انحراف ملک کو تباہ کن سیاسی بحران میں مبتلا کردے گا،صورتحال ملک کے معاشی مفادات پر خود کش حملے کے مترادف ہو گی، ایک جماعت کے دباو پرسیاسی وآئینی بحران پیدا کرنے کی سازش کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی۔
حکمران اتحاد نے کہابدقسمتی سے انتظامی معاملے کو سیاسی وآئینی بحران بنادیاگیا ، معاشی، سکیورٹی، آئینی، قانونی و سیاسی امور کو نظر انداز کرنا ریاستی مفادات سے لاتعلقی کے مترادف ہے، خاص مقصد و جماعت کو ریلیف دینے کی عجلت سیاسی ایجنڈا دکھائی دیتا ہے، اقدام آئین وقانون اور الیکشن کمیشن اختیار کے بھی منافی ہے،آرٹیکل218 (3) سمیت دیگر دستوری شقوں کے تحت انتخاب کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کو آئین کے تحت آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
اجلاس چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد کرتا ہے، اجلاس تقاضا کرتاہے ازخود نوٹس کے4 رکنی اکثریتی فیصلے کو مانتے ہوئے موجودہ عدالتی کارروائی ختم کی جائے، افسوسناک امر ہے چیف جسٹس اقلیت کے فیصلے کو اکثریت کے فیصلے پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان بار کونسل و دیگر بار ایسوسی ایشنز کی آرٹیکل 209 کے تحت دائر ریفرنسز پر کارروائی کی جائے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے 184 تھری کے تمام مقدمات روکنے کا حکم دیا ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بنچ کے فیصلے کا احترام کرنا بھی سب پر لازم ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن کا دوبارہ 3 رکنی بنچ میں شامل ہونا غیر منصفانہ ہے، متضاد عدالتی فیصلوں سے ناقابل عمل و پیچیدہ صورتحال پیدا ہو چکی،جسٹس اعجاز الاحسن تو پہلے ہی رضا کارانہ طورپر بنچ سے الگ ہو گئے تھے، چیف جسٹس سپریم کورٹ کے بینچز سے اٹھنے والی اختلافی آوازوں کو سنیں، چیف جسٹس فی الفور فل کورٹ اجلاس بلاکرون مین شو کا تاثر ختم کریں،حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا 3 رکنی بنچ کے فیصلے کے ذریعے آئین کو ری رائٹ کیا گیا، اعلیٰ ترین عدالت کی سوچ میں تقسیم واضح نظر آرہی ہے۔
عدالت عظمیٰ کو متازع سیاسی فیصلے جاری کرنے سے احتراز کرنا چاہیے،تحریک انصاف کے معاملے پر خصوصی امتیازی رویہ اپنانے کا تاثر ختم کیا جائے، سیاستدانوں کو مل کر بیٹھ کر فیصلے کرنے کی ہدایت کرنے والے خود تقسیم ہیں انہیں اپنے اندر بھی اتحاد و اتفاق پیدا کرنا چاہیے، قانون سازی سے انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کر دیں، امید ہے صدر مملکت قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے،اعلامیے کے مطابق اقلیتی فیصلہ مسلط کرنے کا طرز عمل آئین و مروجہ قانون سے انحراف کی واضح مثال ہے، طرز عمل ریاست کے اختیارات کی تقسیم کے بنیادی تصور کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے، ایک جماعت کے دباو پر سیاسی و آئینی بحران پیدا کرنے کی سازش قبول نہیں کی جائے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیااجلاس میں پارلیمنٹ کی حالیہ قانون سازی کی بھرپور تائید اور حمایت کا اعلان کیا گیا، قانون سازی سے عوام کےساتھ یک طرفہ انصاف کی روش کا خاتمہ ہوگا
فل کورٹ ورنہ بائیکاٹ،چیف جسٹس اور ججز الیکشن کیس سے دستبردار ہو جائیں، حکومتی اتحاد



















