لاہور (خبر نگار) سابق وزیر اعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے مجرموں کاٹولہ سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے،عوام کی بھرپور مزاحمت جاری رہے گی،پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں، 10ماہ سے جو کچھ ہو رہاہے۔
فسطائیت کی طرف بڑھ رہے ہیں،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا مجرموں کے ٹولے کی جانب سے سپریم کورٹ پر حملے، اختیارات کم کرنے اورنیچا دکھانے کی کوششوں کی عوام بھرپور مزاحمت کررہے ہیں اور مزاحمت جاری رہے گی،فسطائیت کی جانب لوٹ رہے ہیں، پاکستان گزشتہ10ماہ سے جس کے چنگل میں ہے۔
نامعلوم افراد چادرو چار دیواری کی حرمت پامال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں و سوشل میڈیاٹیم کے اراکین کے گھروں میں گھس رہے ہیں اور وہاں موجود افراد کو دہشت زدہ کرنے کیساتھ مطلوبہ کارکن کی عدم موجودگی کی صورت میں اہلخانہ تک کو اٹھا رہے ہیں۔
اغوا،دوران حراست تشدد،جعلی مقدمات کی بھرمار، میڈیا پرمکمل پابندی اور صحافیوں کو ہراساں کئے جانے جیسے لاتعداد واقعات میں آج کے پاکستان کا عکس جھلکتا ہے جس میں قانون کی حکمرانی کا تو نشان تک نہیں جبکہ آئین سے انحراف ہر پہلو سے نمایاں ہے۔
مجرموں کاٹولہ سپریم کورٹ پر حملہ آور،عوام کی بھرپور مزاحمت جاری رہے گی،عمران خان


















