مسلم لیگ (ن) عدلیہ اور ججوں کیخلاف سازشوں سے باز رہے:چودھری پرویز الٰہی
لاہور (اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ اور ججوں کے خلاف منظم سازشوں سے باز رہے۔لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور سینئر وکلا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے مفاد کے لئے معزز ججوں کو بدنام کر رہی ہے، وزیراعظم عدلیہ پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا ماضی کیوں بھول جاتے ہیں، یہ وہی شہباز شریف ہیں جو فون کرکے ججوں سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے۔پی ٹی آئی صدر نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی اور تحفظ پر عدلیہ میں کوئی اختلاف نہیں، تکنیکی امور پراداروں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، سب جج صاحبان یکساں طور پر قابل احترام اور آئین کے محافظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفاک حکمرانوں نے سانحہ 25 مئی کی طرح نیا تماشا لگا رکھا ہے، پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے پورے پاکستان کی جیلوں کی سیر کروائی جا رہی ہے۔



















