عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ کورٹ رپورٹر) عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور،سکیورٹی واپس لینے پر وفاق سے جواب طلب، لاہور ہائیکورٹ نے درج مقدمات کیلئے لارجر بنچ تشکیل دیدیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے خواہش تو ہے دونوں رہیں لیکن رانا ثنا نہیں رہیں گے، نامعلوم پیچھے ہوجائیں تو حکومت ختم ہوجائے، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دائر درخواستوں پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سماعت کی،عمران خان کے وکیل نے کہا درخواستوں پر بائیو میٹرک کا اعتراض لگایا گیا، عمر 60 سال سے زائد ہوجائے تو مشکل ہوتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کیوں؟ 60 سال کے بعد انگوٹھے کا نشان غائب ہو جاتا ہے؟، ابھی تو بہت آسان ہے، کسی بھی ایزی پیسہ دکان سے بائیو میٹرک کرا کر جمع کرائیں،عمران خان کے وکیل نے کہا میرے موکل کیخلاف مزید 7 مقدمات درج کیے گئے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے ٹرائل کورٹ کیوں نہیں گئے،عمران خان کے وکیل نے جواب دیا بہت ساری وجوہات ہیں ٹرائل کورٹ کیوں نہیں گئے، سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ٹرائل کورٹ نہیں گئے، جوڈیشل کمپلیکس آخری پیشی پر گئے تو گیٹ پر 45 منٹ تک روکا گیا،چیف جسٹس نے کہا آپ عدالتوں کے فیصلوں کو چھوڑ دیں، صرف اتنا بتا دیں ٹرائل کورٹ کو کیوں چھوڑا؟ ٹرائل کورٹ کو بائی پاس کرکے اسلام آباد ہائی کورٹ کیوں آئے؟چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا امن و امان کی صورتحال آپ نے برقرار رکھنی ہے اگر آپ پیشی پر 10 ہزار لوگوں کوساتھ لائیں گے تو لا اینڈ آرڈر کے حالات تو ہوں گے۔

درخواست گزار بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ،فالورشپ ہیں،عمران خان کے وکیل نے کہا کسی کو نہیں بلاتے، لوگ خود آتے ہیں،سابق وزیر اعظم عمران خان اٹھ کر روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا خان صاحب! آپ جا کر کرسی پر بیٹھ جائیں،عمران خان نے کہا میں بس وضاحت دینا چاہتا تھا تاہم وہ جملہ پورا کیے بغیر کرسی پر واپس چلے گئے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں جو جینوئن ہوں گے، ایک مرتبہ حملہ بھی ہو چکا ،عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون کو روسٹرم پر بلا یا،جسٹس میاں گل حسن نے کہا عدالت نے متعدد بار چیف کمشنر کو سکیورٹی فراہم کرنے کا کہا،ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ٹرائل کورٹ کو ایف ایٹ کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس شفٹ کیا گیا، عمران خان کی ذمہ داری ہے پر امن ماحول کو یقینی بنائیں یہ وہاں گاڑی سے نہیں اترے اور ان کے لوگوں نے گاڑیاں جلا دیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہر شہری کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست اپنا کام کرے اور حفاظت یقینی بنائے،عمران خان کے وکیل نے کہا ہائی کورٹ میں جو ڈیکورم ہے وہ وہاں رکھنا مشکل ہوتا ہے،چیف جسٹس نے کہا آپ سکیورٹی فراہم نہیں کرتے تو پھر وہ کیا کریں۔

ہمارے پاس آج ہی ایک پٹیشن آئی منگل کو سنیں گے، جب انتظامیہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دے گی تو پھر کیا ہو گا، پاکستان کے کسی شہری سے متعلق کیا انتظامیہ ایسا کوئی بیان دے سکتی ہے،عمران خان کے وکیل نے کہا پاکستان کی تاریخ میں 2 سابق وزرائے اعظم قتل ہو چکے، ایک وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ ہو چکا 7 ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، عمران خان کی ضمانت درخواستیں 18 مارچ کو انسداد دہشت گردی عدالت چلی گئیں تھیں، جوڈیشل کمپلیکس داخلے کی اجازت نہیں ملی، درخواست گزار سے سکیورٹی واپس لی گئی ،عدالت نے ریمارکس دئیے سابق وزیراعظم کو خصوصی سکیورٹی پروٹوکول دیا جاتا ہے، عمران خان کے وکیل نے کہا کوئی خصوصی سکیورٹی نہیں دی جارہی، پنجاب حکومت نے سارے ٹی او آرز اڑا کر زمان پارک پر چھاپہ مارا،عدالت نے استفسار کیا سابق وزیراعظم جب کہیں جاتے ہیں تو کیا خصوصی سکیورٹی دی جاتی ہے؟'، عمران خان کے وکیل نے جواب دیا عمران خان کے پاس جو سکیورٹی تھی واپس لے لی گئی،عدالت نے استفسار کیا کیا سکیورٹی وفاقی حکومت یا صوبائی حکومت نے واپس لی؟'، کمرہ عدالت میں موجود فواد چودھری نے کہا وزیر داخلہ کا گزشتہ روز کا بیان آپ کے سامنے ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے درخواست گزار سابق وزیر اعظم پاکستان رہے ، خصوصی سکیورٹی حق ہے،عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا بحیثیت وزیر اعظم کیا سکیورٹی دی جاتی ہے وہ بتائیں؟'فواد چودھری نے کہا انہوں نے 10، 10سال کے بچوں کو گرفتار کرلیا،کمرہ عدالت میں فواد چودھری اور ایڈوکیٹ جنرل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،ایڈووکیٹ جنرل نے کہا فواد صاحب اب سیاسی باتیں کررہے ہیں، درخواست گزار کسی ایک کیس میں بھی شامل تفتیش نہیں ہوئے،عدالت نے دونوں کو روک دیا،چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ حکومت کے نمائندے ہیں مگر آپ لا افسر ہے، آپ نے ایک غلط کام کیا سابق وزیر اعظم سے سکیورٹی واپس لے لی، ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا مجھے اکنفرم نہیں، میں پتہ کرتا ہوں،عمران خان کے وکیل نے کہاکیس فی الحال یہیں رکھا جائے، یہاں پیش ہوتے رہیں گے،چیف جسٹس نے کہا دیکھ لیتے ہیں، حکومت کو بھی سکیورٹی معاملے پر نوٹس کرتے ہیں، آپ کو عبوری ضمانت فراہم کر دیتے ہیں، تاریخ کا تعین بھی کرلیتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا حتمی طور پر آپ کو ضمانت کیلئے جانا انسداد دہشت گردی عدالت ہی پڑے گا، سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہونے تک آپ کا کیس یہاں سنیں گے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت درخواست منظور کر لی،علاوہ ازیں عدالت نے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی واپس لینے پر وفاق سے جواب طلب کرلیا،قبل ازیں عمران خان دارالحکومت پہنچے تو اسلام آباد پولیس سکواڈ نے حصار میں لیکر قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں کو روک لیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا جن میں سابق ایم پی اے چودھری عدنان اور عمران خان کا آفیشل فوٹو گرافر نعمان جی بھی شامل ہے،ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاخواہش تو یہی ہے دونوں رہیں لیکن رانا ثنا نہیں رہیں گے،نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو حکومت ختم ہو جائے، باجوہ صاحب اب کیا کہیں گے شہباز شریف 40 منٹ جھاڑ کھاتے رہے،عمران خان نے مزید کہا سیاستدانوں کیلئے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں اور جو امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتے رہے ہوں ان کو لیول پلینگ فیلڈ کا کیا پتہ، مذاکرات ہو سکتے ہیں لیکن ون پوائنٹ ایجنڈا ہے الیکشن کرائیں، ان کو کیا پتہ لیول پلینگ فیلڈ کا یہ تو امپائر ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں،صحافی نے سوال کیا ملک میں کس کی حکومت ہے؟ عمران خان نے جواب دیا یہ وہ سوال ہے جس کا جواب آپ سب کو معلوم ہے، ملک میں رول آف لا ختم ہوچکا ، اظہر مشوانی کو اغوا کیا گیا ،حسان کی ضمانت ہوئی پھر گرفتار کر لیا گیاجبکہ اپنی ٹوئٹس میںعمران خان نے کہا 18 مارچ کی طرح پھر سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی جانب سے کارکنوں و فوٹوگرافر پر حملے کئے گئے، گرفتار کرلیا گیا،تشدد اور اغوا کے ذریعے پرامن شہریوں کو مشتعل کرنے کی انتہا کی جا رہی ہے، پارکنگ میں کھڑی میری گاڑی پر حملہ کر کے شیشے توڑے گئے،فاشزم آئی جی اسلام آباد کی ایما پر کیا جا رہا ہے، سب پی ٹی آئی کے حامیوں میں خوف پیدا کرنے کیلئے ہے،ایک اور ٹوئٹ میںعمران خان نے پولیس کی جانب سے 3 بچوں کو اٹھانے پر اسلام آباد کے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی،سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا مجرموں کے گروہ کی زیر نگرانی قانون کی حکمرانی کا خون ہو رہا ہے، اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں 3 بچوں، 12 سالہ اسد، 13 سالہ عثمان اور 14 سالہ ثاقب کو تحریک انصاف کے ''دہشتگرد'' کے طور پر اٹھایا گیا،تینوں بچوں کو نابالغوں کے قانون کے برخلاف عدالتی ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے التماس ہے مداخلت کریں، تینوں نوجوانوں کی رہائی کے احکامات صادر کریں۔