اسلام آباد(بیورورپورٹ)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے کہا ہے بیرونی شراکت داروں کی بروقت مالی امداد پاکستان کے ساتھ نویں جائزے کی کامیابی یقینی بنانے میں اہم ہوگی اور مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اگلا قدم اٹھاسکیں گے،آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان کی معیشت کو سست شرح نمو اور بلند افراط زر جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کی معیشت کو بڑی مالیاتی ضروریات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ سب چیلنجز پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہوئے،آئی ایم ایف نے کہاہے 9واں جائزہ مکمل کرنے کےلئے آئی ایم ایف اورپاکستانی حکام میں بات چیت جاری ہے، پاکستانی حکام نے فیصلہ کن اقدامات پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، فیصلہ کن اقدامات پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے اور اعتماد بحال کرنے کےلئے ہیں،آئی ایم ایف کے مطابق بیرونی شراکت داروں کی بروقت مالی امداد جائزے کی کامیابی یقینی بنانے میں اہم ہوگی، پاکستان کو دیگر مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے بھی مالی تعاون یقینی بنانا ہے، ان مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کےساتھ اگلا قدم اٹھاسکیں گے،ادھرچین نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا سیف ڈیپازٹ قرض رول اوور کر دیا ،وزارت خزانہ کے حکام نے چین کی جانب سے سیف ڈیپازٹ قرضہ رول اوور کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے چین کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی جلد فنانسنگ کی توقع ہے،وزارت خزانہ ذرائع نے کہاہے رواں ماہ چین سے مزید 30کروڑ ڈالر پاکستان آنے کی توقع ہے اور رواں ماہ زرمبادلہ کے ذخائر 5ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی امید ہے،چین نے 2ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ کی واپسی ایک سال کے لیے موخر کی ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی فنانسنگ کی امید ہے، پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)سے معاہدے کے لیے بیرونی فنانسنگ کی تصدیق ضروری ہے،دوسری جانب ملک میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت بڑھ کر 10ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ،سٹیٹ بینک کے مطابق 17مارچ کو ختم ہونےوالے ہفتے کے دوران 50کروڑ ڈالر کے کمرشل قرضوں کی رقم موصول ہونے سے سرکاری ذخائر میں اضافہ ہوا،زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت گزشتہ ہفتہ 28کروڑ ڈالر اضافے سے 4ارب 59کروڑ 87لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی،اسوقت کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 54 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
پہلے بیرونی مالیاتی یقین دہانیاں پھر معاہدہ:آئی ایم ایف



















