چینی ، روسی صدور کا یوکرائن تنازع مذاکرات سے حل کرنے پر زور

ماسکو (شِنہوا) چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یوکرین تنازع کو بات چیت سے حل کیا جانا چاہیے۔ شی جن پنگ اور پیوٹن نے کریملن میں عوامی جمہوریہ چین اور روسی فیڈریشن کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرتے ہوئے اسے جاری کیا جس کا مقصد نئے دور میں رابطوں کی جامع سٹرٹیجک شراکت داری کو وسیع کرنا ہے۔ یوکرائن تنازع پر دونوں فریق سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر عمل اور بین الاقوامی قانون کا احترام کیا جانا چاہیے۔ روسی فریق یوکرین تنازع پر چین کے معروضی اور غیر جانبدارانہ موقف کو مثبت سمجھتا ہے۔ دونوں فریق کسی بھی ملک یا ممالک کے گروپ کی جانب سے فوجی، سیاسی اور دیگر شعبوں میں فوائد حاصل کرنے کے عمل کی مخالفت کرتے ہیں جس سے دوسرے ممالک کے جائز سلامتی مفادات کو نقصان پہنچے۔ روسی فریق جلد ازجلد امن مذاکرات کو بحال کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے جسے چین سراہتا ہے۔ روسی فریق یوکرین تنازع کے سیاسی اور سفارتی حل کےلئے مثبت کردار ادا کرنے بارے چین کی آمادگی کا خیرمقدم کرتا ہے اور یوکرین تنازع کے سیاسی حل بارے چین کے موقف میں پیش کردہ تعمیری تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہے۔ دونوں فریقوں نے نشاندہی کی کہ یوکرین تنازع کو حل کرنے میں تمام ممالک کے جائز سلامتی خدشات کا احترام کر تے ہو ئے بلاک تصادم کو روکنا اور شعلے بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذمہ دارانہ بات چیت مناسب حل کا بہترین طریقہ ہے جس کیلئے بین الاقوامی برادری کو متعلقہ تعمیری کوششوں میں مدد دینی چاہیے۔ چین اور روس نے ان تمام اقدامات کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے جو کشیدگی بڑھاتے، تنازع کو خراب کرتے یا بے قابو کرکے لڑائی میں اضافہ کا سبب بنتے ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے کسی بھی یکطرفہ پابندیوں کے بھی مخالف ہیں۔ دریں اثناءچینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کے اور پوتن کے درمیان واضح، دوستانہ اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی شعبوں میں نئے اور اہم مشترکہ اتفاق رائے کو حاصل کیا گیا ہے۔ چینی صدر اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریملن میں اپنی بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔ صدرشی نے کہا کہ 3 برس کے وقفے کے بعد یہ ان کا ماسکو کا پہلا دورہ ہے اور دوبارہ چین کا صدر منتخب ہونے کے بعد پہلا غیر ملکی اور سرکاری دورہ بھی ہے۔ انہوں نے گزشتہ 10 برس کے دوران پیوٹن کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کئے ، اسٹریٹجک مواصلات کو برقرار رکھا اور دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعاون سے مفید نتائج فراہم کئے۔ چینی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے اور پیوٹن نے گزشتہ 10 برس میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی کامیابیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس مﺅقف کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات دوطرفہ دائرہ کار سے کہیں آگے بڑھ چکے ہیں اور یہ عالمی منظر نامے اور انسانیت کے مستقبل کے لئے اہم اہمیت اختیار کرچکے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ چین اور روس نے مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو آگے بڑھانے میں اچھے ہمسائے ، دوستی اور فائدہ مند تعاون کے اصولوں پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے تاریخی حالات میں دونوں فریق چین۔ روس تعلقات کو وسیع اور طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھیں گے اور ان سے نمٹیں گے تاکہ انسانی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالا جا سکے۔ شی جن پنگ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ چین نے "یوکرین تنازع کے سیاسی حل پر چین کا موقف" کے عنوان سے ایک دستاویز جاری کی تھی۔ چین نے یوکرین تنازع پر ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ایک معروضی اور غیر جانبدارانہ موقف اپنایا اور امن مذاکرات کی بھرپور طریقے سے حوصلہ افزائی کی۔ چین کے موقف کی بنیاد اس تنازع کا میرٹ ہے۔ وہ امن ومذاکرات کے لئے تاریخ کی درست سمت پر موجود ہے۔ شی نے کہا کہ وہ مختلف ذرائع سے پوتن کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کے منتظر ہیں تاکہ چین۔ روس تعلقات کی مستحکم اور پائیدار ترقی میں رہنمائی کی جاسکے۔ دوسری طرف چین، روس اقتصادی تعاون میں ترجیحات سے متعلق 2030 سے قبل کے ترقیاتی منصوبے بارے عوامی جمہوریہ چین اور روسی فیڈریشن کے صدور کے مشترکہ بیان پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریملن میں دستخط کئے اور اسے جاری کیا۔ بیان میں فریقین نے باہمی احترام، مساوات اور باہمی فائدے کے اصول سختی سے برقرار رکھنے، دونوں ممالک کی طویل مدتی آزادانہ ترقی کو عملی جامہ پہنانے ، چین۔ روس اقتصادی و تجارتی تعاون میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے فروغ بارے اتفاق کیا۔ اس میں دوطرفہ تعاون کے جامع فروغ کو نئی تحریک دینے، اشیاءو خدمات میں دوطرفہ تجارت کی تیز رفتار ترقی کو برقرار رکھنے اور 2030ءتک دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کر نا بھی شامل ہے۔ فریقین نے تجارتی سطح کو توسیع دینے ، تجارتی ڈھانچہ بہتربنانے، ای کامرس اور تعاون کے دیگر جدید طریقوں کے فروغ سمیت متعدد اہم سمت میں اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔ وہ مالیاتی تعاون میں بہتری ، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، قرض اور دیگر اقتصادی اور تجارتی لین دین میں مقامی کرنسی کے استعمال کے تناسب میں مسلسل اضافہ کا عہد کرتے ہیں تاکہ مارکیٹ کی طلب کو پورا کیا جاسکے۔ بیان کے مطابق وہ توانائی کے شعبے میں ہمہ جہت شراکت داری کو مستحکم کریں گے اور توانائی کے اہم شعبوں میں طویل مدتی تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی اور اختراع میں تبادلے اور اعلیٰ معیار کے تعاون کے فروغ پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی میں اعلیٰ سطح کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے صنعتی تعاون کو وقت سے ہم آہنگ کرنے کے علاوہ دونوں ممالک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کےلئے زرعی تعاون میں اضافے کا بھی عہد کیا۔