لاہور (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ کی لگاتار دو مرتبہ چمپئن بننے والی پہلی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ زمان خان حقیقی معنوں میں ایک گفٹ ہے،ہم نے زمان خان کو اس کی مہارت کی اتنی پہچان کرا دی ہے کہ اس کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ کیا کیا کر سکتا ہے، ان جیسے کھلاڑی نایاب ہوتے ہیں بار بار پیدا نہیں ہوتے ،وہ تھرمو اسٹیٹ کی طرح کام کرتے ہیں اگر ایک جگہ سیٹ کر دیا تو وہ پھر 24 گھنٹے وہی کرتے ہیں جبکہ باقی تھرمامیٹر ہوتے ہیں خوشی سے اوپر غم میں نیچے چلے جاتے ہیں۔ایک انٹرویو میں لاہور قلندرز کی کارکردگی کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ہم نے ایک طریقہ کار کے مطابق کام کیا، اس میں مشکلات بھی پیش آئیں بہت تجربات کیے، کبھی برینڈن میکلم کو تو کبھی اے بی ڈویلیئرز کو لائے، بڑے ناموں کو لانے سے بھی بات نہ بنی کیونکہ جب تک مقامی کھلاڑیوں کی اسٹرنتھ نہیں ہو گی کامیابی نہیں مل سکتی، چار غیر ملکی کھلاڑی آپ کو لیگ نہیں جتوا سکتے۔
صرف چار غیر ملکی کھلاڑی آپ کو لیگ نہیں جتوا سکتے:عاقب جاوید



















