عمران خان کیلئے فکر مند ،انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی،صدر مملکت

اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے حکومت کیساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت کو دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا کہا، انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی، پختہ یقین ہے وقت پر ہوں گے، بروقت انتخابات سے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال میں بہتری کی راہ کھلے گی،تفصیلات کے مطابق صدر مملکت سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفد نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
صدر مملکت نے آئین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تاریخ ثابت کرتی ہے انتخابات میں تاخیر سے جمہوریت کو نقصان پہنچا،بحیثیت صدر اپنا آئینی کردار ادا کررہا ہوں، سپریم کورٹ نے بھی فیصلوں کی توثیق کی، اختلافات کم کرنے و سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ۔
صدر مملکت نے کہا ملک کی خاطر کسی بھی شخص یا سیاسی جماعت سے ملنے کو تیار ہوں،کرپشن نے پاکستان کو بری طرح نقصان پہنچایا اسی لیے نیب ترمیمی بل واپس کیا، فیصلہ سازی میں تاخیر، میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری اور کرپشن نے پاکستان کو کھوکھلا کیا، میڈیا سچے و ذمہ دارانہ تجزئیے اور آرا پیش کرکے لوگوں کو تعلیم دے۔
دریں اثنااپنی ٹوئٹ میںصدر مملکت عارف علوی نے زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں و پولیس کے درمیان ہونیوالے تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعات پر مجھے دکھ ہوا۔
معاملات اچھے و انتقامی سیاست کی غمازی کرتے ہیں،ایک طرف عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں اور ملکی معیشت بھی ٹھیک نہیں لہٰذا حکومت کو ان معاملات کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
صدر مملکت نے سوال کیا کیا سیاسی منظر نامے کو تباہ کررہے ہیں،عمران خان کی حفاظت کیلئے فکر مند ہوں۔