لاہور (مشرق نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کےخلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں شاداب خان کو کپتان بنانے کے فیصلے کو سراہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے شاداب خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کےخلاف ہونےوالی سیریز کیلئے کپتان منتخب ہونے پر مبارک ہو۔شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دےکر شاداب خان جیسے نوجوان کو قیادت دینے کے فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم سابق کپتان نے کہا کہ شاداب کو خود کو میدان میں ثابت کرتے ہوئے دیکھنے کیلئے میں پرجوش ہوں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔شاداب خان (کپتان)، عبد اللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔
پی سی بی کا شاداب خان کو قیادت دینے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے:شاہد آفریدی



















