10کروڑ افراد کو 10کلو آٹے کے 3تھیلے مفت،پنجاب کابینہ نے منظوری دیدی


لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا10 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے و منفرد رمضان ریلیف پیکیج کااعلان کیا
، پنجاب کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا تاریخ ساز فیصلہ کیا،پنجاب کابینہ نے53ارب کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے انقلابی پروگرام کی منظوری دی ،خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت60ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیئے جائیں گے،ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے فری لے سکے گا
،تقریباً ایک کروڑ 58 لاکھ خاندان اور 10 کروڑ افراد مفت آٹے کے پیکیج سے مستفید ہوں گے،پیکیج سے تقریباً پنجاب کی 90فیصد آبادی مستفید ہوسکے گی،مخصوص کریانہ سٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس و یوٹیلیٹی سٹورز پر مفت آٹا دستیاب ہوگا،خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا آغاز 25شعبان سے کیاجائے گا اورپیکیج 25رمضان المبارک تک جاری رہے گا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبے بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سٹورز و ٹرکنگ پوائنٹس مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہابڑے سٹورز کو بھی مفت آٹے کی فراہمی کیلئے خصوصی کاؤنٹرزبنانے کا پابند کیاجائے
،اجلاس کو بتایا گیا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سافٹ ویئر تیار کر لیا،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ گھرانے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لے سکیں گے جبکہ غیر رجسٹرڈ اہل خاندان بھی فون کے ذریعے رجسٹریشن کرا کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے
کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈپی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گے،اجلاس میں مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کی بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی
،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میرے سمیت صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس او رپوری انتظامی مشینری نیک کام کی کامیابی کیلئے فیلڈ میں موجود رہے گی۔