پی ٹی آئی کی ریلی ملتوی ، کارکنوں، عوام یا پولیس کو آگ کا ایندھن نہیں بناسکتا :عمران خان

لاہو ر(خبر نگار)دفعہ 144کانفاذ،پی ٹی آئی کی ریلی ملتوی ،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی انتخابی مہم پیرتک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب اورپولیس پی ٹی آئی کی قیادت ،کارکنوں کیخلاف مزیدجھوٹے مقدمات کے اندراج و انتخاب کو التوا میں ڈالنے کیلئے تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں ،کارکنوں، عوام یا اپنی پولیس کو آگ کا ایندھن نہیں بناسکتا ،فسطائی ٹولہ انتخاب سے فرار کا خواہاں اور مزید جھوٹے پرچوں میں پھانسنے کے خواب دیکھتا ہے،عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مزید کہا یوں محسوس ہوتاہے ایک مرتبہ پھر غیر قانونی طور پر دفعہ 144 محض تحریک انصاف کی انتخابی مہم کیخلاف ہی نافذ کی گئی کیونکہ لاہور میں باقی تمام سرگرمیاں تومعمول کے مطابق جاری رہیں،محض زمان پارک ہی کنٹینرز و پولیس کی بھاری نفری کے نرغے میں آیا،عمران خان نے کہا انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں کیخلاف دفعہ 144کے نفاذ کا جواز ہی کیاہے؟،عمران خان نے زمان پارک کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد میں جمع ہونے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا زمان پارک کی مکمل ناکہ بندی کے باوجود اہل لاہور بڑی تعداد میں گھروں سے نکلے ،میری کارکنوں کو ہدایت ہے حکمرانوں کے جھانسے میں بالکل نہ آئیں،علاوہ ازیں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاپی ٹی آئی انتخابات،حکمران خون خرابہ و لاشیں چاہتے ہیں،چال میں نہیں پھنسنا،8مارچ کو جو کچھ ہوا سب نے دیکھا، گرفتاریاں ہوئیں، لاٹھی چارج ہوا، ظل شاہ کو شہید کیا گیا لیکن چپ رہے اب حکمرانوں کاپھر وہی پلان تھا، عمران خان کی قیادت میں زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالیں گے ،حماد اظہر نے کہا دوبارہ لاشیں نہیں گرانا چاہتے، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا لیکن آئین و قانون کا راستہ نہیں چھوڑا،،فاشسٹ حکومت نے لاہور میں پھر کرفیو لگائے رکھا،اپنے خوف کو چھپانے کیلئے پی ایس ایل کا نام استعمال کیا گیا،بیساکھیوں پر کھڑی حکومت نے زیادہ دیر نہیں ٹھہرنا، تشدد کرنے والے افسروں کاعلم ہے ،100فیصد کارروائی کریں گے، چہرے چند ماہ بعد نہیں رہیں گے،ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا بتایا جائے کیا تحریک انصاف کالعدم جماعت ہے اگر سیاست کی اجازت نہیں دینی تو پھر پاکستان کا آئین معطل ہے ،پہلے آئین بحالی کی تحریک شروع کرنا پڑے گی ،پالیسی پر نظر ثانی نہ کی گئی پاکستان میں معاشی سیاسی بحران آئینی بحران بڑھ جائے گا،چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے کہنا چاہتا ہوں لوگوں کی امیدیں آپ سے ہیں ،آپ لوگوں کے حقوق کے محافظ ہیں ،پتہ ہے آپ کو شدید پروپیگنڈے اور دبائو کا سامنا ہے ،منظم مہم چلائی جارہی ہے ، اپیل کرتا ہوں آپ کسی دبائو میں نہ آئیں ،عوام آپ کے پیچھے کھڑے ہیں،حکمران جو مرضی کر لیں الیکشن نہیں روک سکتے، چند دنوں کا اقتداربچانے کیلئے آئین سے کھلواڑ نہ کریں ،مریم نواز والی سہولت اور کسی کو میسر نہیں، حالات سب کے سامنے ہیں، جبر سے عوام کا گلا دبایا جا رہا ہے، رینجرز و پولیس کی بھاری نفری لگائی گئی، سندھ سے آنے والوں کو زمان پارک جانے کی اجازت نہیں، حکومت عمران خان سے خوفزدہ ہے، دوبارہ غریب کارکنوں کی شہادتیں چاہتے ہیں۔