ظل شاہ کی موت پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے،پی ٹی آئی

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ ،آئی جی کی پریس کانفرنس کو کور اپ سٹوری قرار دے کر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا علی بلال کی موت حادثے کا نتیجہ تھی توعمران خان سمیت دیگر قیادت پر جھوٹا پرچہ کیوں درج کیا گیا؟،مریم نواز 2دن پہلے بتاچکی تھیں کوراپ کیا بنانا ہے، ظل شاہ کا ناحق خون حکمرانوں کو لے ڈوبے گا،فواد چودھری نے فرخ حبیب ، مسرت جمشید چیمہ، ذوالفقار زلفی و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا علی بلال کو لاٹھیاں ماری گئیں جس کی ویڈیو سامنے آئی۔

تصاویر بتاتی ہیں ظل شاہ پر بد ترین تشدد ہوا ، پوری تفتیش نہیں ہوئی اور قتل کو حادثہ قراردے دیا گیا،نگران وزیر اعلیٰ طاقت و اقتدار کے نشے میں ہے جب حکومت سے الگ ہوں گے تو اردگرد بیٹھے لوگوں میں وعدہ معاف گواہ بننے کی ریس لگی ہو گی ،صبح تک انتظامیہ ساتھ بیٹھ کر ریلی کا روٹ طے کر رہی ہوتی ہے جبکہ اچانک 12بجے حکم آتا ہے اور دفعہ 144نافذ کر دی جاتی، مطالبہ کرتے ہیںجوڈیشل کمیشن بنایا جائے،ظل شاہ کے قتل پر قانونی کارروائی کریں گے۔

پوسٹمارٹم میں وزیرصحت کا کیا کام ہے ؟ پنجاب حکومت خود کہتی ہے قتل ہوا،قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کیوں سامنے نہیں لائی جا رہیں ،اقوام متحدہ سے بھی ظل شاہ قتل کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ، نگران وزیر اعلیٰ اور آئی جی کی پریس کانفرنس نگران حکومت کے دامن پر لگے معصوم خون کے دھبے مٹانے کی ناکام کوشش ہے، سوال ہے ظل شاہ شہید کی موت حادثے کا نتیجہ تھی توعمران خان، حماد اظہر اور مجھ سمیت تحریک انصاف کی قیادت پر جھوٹا پرچہ کیوں درج کیا؟۔

حکومت عوام حقائق فراہم کرنے کی بجائے گمراہ کن بیانیے تراش رہی ہے، وزیراعلیٰ پریس کانفرنس سے پہلے آئی جی کا تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ پڑھ لیتے تو شاید کچھ عزت بچ جاتی،جھوٹے پرچوں کے علاوہ زیر حراست تشدد آئی جی کے محکمے کی پیشانی پر سیاہ دھبے کی طرح چسپاں ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج کے ذریعے حقائق کی پڑتال کا اہتمام کیا جائے،علاوہ ازیں تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی ہلاکت کے قصور واروں کو جوڈیشل انکوائری کروا کے پھانسی دی جائے،ماڈل ٹاﺅن سانحہ میں رانا ثنا ءجیسے لوگوں کو سزا ہو چکی ہوتی تو سانحہ زمان پارک رونما نہ ہوتا۔