گندم خریداری کی قیمت 3900 روپے من مقرر
اسلام آباد (بیورورپورٹ)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم خریداری کی قیمت 3900 روپے من مقررکردی جبکہ سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان کے علاج معالجے کیلئے ایک کروڑروپے کی منظوری دیدی،تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا،سابق عالمی سکواش چیمپئن جان شیر خان کے علاج معالجے کیلئے ایک کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے سال 2023 کیلئے پاسکو کے گندم خریداری کے اہداف کے تعین پر سمری پیش کی اور عوامی گندم کے ذخیرے کی تفصیلات پیش کیں، پاسکو کے سٹاک سے گندم کے اجراء و نئے غذائی سال کے آغاز پر کیری فارورڈ سٹاک کی تفصیلات پیش کیں،ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے گندم خریداری کا ہدف 1.80 ایم ایم ٹی ، خریداری کی قیمت 3,900 روپے فی 40کلومقرر کردی،مزید برآں ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی گندم کے مناسب استعمال کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔



















