جیل بھرو تحریک شروع، قریشی، اسد عمر، سواتی سمیت متعدد رہنمائوں نے گرفتاری دیدی

لاہور، پشاور (کرائم رپورٹر خبرنگار بیورو رپورٹ) جیل بھرو تحریک شروع، قریشی، اسد عمر، سواتی سمیت متعدد رہنمائوں نے گرفتاری دیدی جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے تحریک جہاد اور ملک تباہ کرنیوالے مجرموں کے ٹولے کیخلاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کا آغاز کردیا، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، جنرل سیکرٹری اسد عمر، اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد رہنماؤں نے گرفتاری دیدی، خود ہی قیدیوں کی وین میں بیٹھے، لاہور سی سی پی او آفس پر پی ٹی آئی کے کئی رہنما و کارکن قیدیوں کی گاڑی میں سوار ہوئے اور چھت پر چڑھ گئے
، پولیس نے اہلکاروں سمیت سب کا داخلہ سی سی پی او آفس میں روکا توپی ٹی آئی کارکن گرفتاریوں کیلئے سی سی پی او آفس کے سامنے سڑک پر لیٹ گئے، کارکن وین میں چڑھ کر سیلفیاں بھی بناتے رہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی گرفتاری دینے والے رہنماؤں کی سیلفی جاری کی گئی، بعدازاں تحریک انصاف کے متعدد کارکن پولیس وین سے اترکر واپس چلے گئے
جبکہ چیئرنگ کراس لاہور میں پولیس اہلکار گرفتاری دینے کے خواہشمند پی ٹی آئی کارکنوں کیلئے اعلانات کرتے رہے، پولیس نے اعلان کیا جو کارکن قیدی وین میں بیٹھنا چاہتے ہیں بیٹھ سکتے ہیں، گرفتار ہونیوالوں کو ٹ لکھپت جیل منتقل کرکے اینٹی رائٹ فورس تعینات کردی گئی، شاہ محمود قریشی نے گرفتاری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کپتان کی کال پر جیل بھرو تحریک کی قیادت کرتے ہوئے پہلی گرفتاری دینا باعث فخر ہے
، ملک میں امپورٹڈ حکومت کی لاقانونیت ختم ہونے اور 10ماہ کی تباہ کاریوں کے حساب تک تحریک جاری رہے گی، دوسری جانب پنجاب پولیس نے کہا کہ 3 ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کو حراست میں لیا، حکومت ایک ماہ تک جیل میں رکھ سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو میانوالی، اٹک اور ڈیرہ غازیخان کی جیلوں میں بھیجا جائیگا۔ ادھر نگران پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے اپنے بیان میں کہا پی ایس ایل کے میچوں کی وجہ سے شہر کے مختلف حصوں میں دفعہ 144 نافذ ہے، ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر مظاہرہ کیا، مظاہرین زبردستی پولیس وین میں سوار ہو گئے، صوبے بھر میں امن اور امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ دریں اثناء جیل بھرو تحریک کیلئے پشاور میں بھی ہزاروں کارکنوں کی جانب سے گرفتاریاں پیش کرنے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں
،آج سابق گورنر شاہ فرمان ، سابق وزراء عاطف خان، اشتیاق ارمڑ، شہرام ترکئی سب سے پہلے گرفتاری دیں گے،دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہاجیل بھرو تحریکجہاد اور ملک تباہ کرنیوالے مجرموں کے ٹولے کیخلاف ہے،تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں حقیقی آزادی کیلئے جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، تحریک وہاں لیکر جائیگی جہاں آزاد و خوشحال پاکستان بنے گا،آزادی و خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی، جیل بھرو تحریک کا مقصد جہاد ہے، جتنی تعداد میں آپ شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی مقصد کو پہنچ جائیں گے،
بعدازاں ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا شہبازشریف عوام سے قربانی مانگ رہے ہیں، خود بھی قربانی دیدیں،30 سال سے چوری کیا ہوا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی نہیں کرنی پڑے گی،شہباز شریف نے قوم سے کہا مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے
، گاڑیوں میں کمی، زمینیں بیچنے سے کچھ نہیں ہو گا لوگوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو چوری کاپیسہ واپس لائیں،حکومت میں آنے سے پہلے آپ نے وعدہ کیا ملک ٹھیک ہو جائیگا، ایک دم خوشحالی آجائیگی
، آپ نے 10 مہینے میں جو پاکستان کیساتھ کیا وہ دشمن بھی نہ کرے، 10مہینے کے دوران 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی،سرکاری گاڑیاں کم کرنے اور سرکاری زمینیں بیچنے کے بیان دے کر لوگوں کو پاگل نہ بنائیں، مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں،جب پی ٹی آئی حکومت گئی تو میں نے فیصلہ کیا ملک کے حالات ایسے نہیں اپنے ملک کو کوئی نقصان پہنچاؤں، کوشش تھی ملک و قوم کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رہے۔