ن لیگ پھر عدلیہ پر حملہ آور،ملک بھر سے رہنما،کارکن،عوام رضاکارانہ گرفتار یاں دینگے،عمران خان

لاہور (خبر نگار)پرویزالٰہی کاجیل بھرو تحریک کی حمایت کااعلان جبکہ عمران خان نے کہاہے ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ،سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات پرتبادلہ خیال کیا گیا،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا،اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدلیہ کیخلاف چلائی جانے مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے،عمران خان نے کہا حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت و کارکنوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں،نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا، جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے،حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں،اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے،عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر قانون اپنا راستہ بنائے گا،اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکراچی حملہ انٹیلی جنس ناکامی ہے،شہری مراکز میں دہشتگردی میں اچانک اضافہ انٹیلی جنس کی ناکامی اور انسداد دہشتگردی کیلئے ریاست کی غیر فعال حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے،حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ایک مرتبہ پھر بہادر پولیس کو نشانہ بنایا گیا