ہسپتالوں میں VIP کلچر، افسران کے عہدے بچانے کیلئے سیاستدانوں، بیوروکریسی سے رابطے

لاہور (مقصود خالد)پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں وی آئی پی کلچر کا راج ، اہم مناصب پر فائز افسران اپنی سیٹوں کو بچانے کیلئے سیاستدانوں اور بیوروکریسی کے ساتھ تعلقات استوار کرنے لگے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں انتظامی عہدوں پر فائز افسران اپنی سیٹس پکی کرنے اور مالی بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے سیاستدانوں اور بیوروکریسی پر انحصار کرنے لگے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں انتظامی افسروں کے دفاتر کے دروازے عام شہریوں کیلئے بند کر دیے گئے، غریب مریضوں کو یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ صاحب میٹنگ میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں پرچیز ڈیپارٹمنٹ میں بھی من پسند کمپنیوں کو انہی کی سفارش پر ٹھیکے دیے جاتے ہیں جو عرصہ دراز سے براجمان ہیں۔ میڈیا جتنی بھی مالی بے ضابطگیوں کی رپورٹ پیش کرے ، انکے ہاتھ بہت مضبوط ہیں کہ متعدد انکوائریاں لگنے کے باوجود بھی یہ ابھی تک 20 سال سے زائد وقت گزرانے کے بعد لاہور سے باہر ہسپتالوں میں جانے کو تیار نہیں مگر بے شمار ایسے ڈاکٹر موجود ہیں جن کو گاڑی کی طرح ایک شہر سے دوسرے شہر ٹرانسفر کردیا جاتاہے۔ محکمہ صحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے کیوں نہیں نبھاتا؟آخر کب غریب عوام کو اس وی آئی پی کلچر سے چھٹکارا ملے گا۔ نگران حکومت کےلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔