ہر پاکستانی پر واجب الادا قرضہ 50 فیصد بڑھ گیا‘ مریم اورنگزیب

اسلام آباد:(لیڈر ڈیسک) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ہر پاکستانی بچے، بوڑھے، جوان اور عورت کو مقروض کر دیا۔ ان کے مسلط ہونے  کے بعد ہر پاکستانی پر واجب الادا قرضہ 50 فیصد بڑھ گیا۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب نے پاکستان کی تاریخ میں لیے گئے کل قرضوں کا 70 فیصد لیا۔ 22 ملین لوگ غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل رہے ہیں، ان میں سے 14 ملین بچے ہیں کیا آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر خودکشی نہیں کر رہے؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ جو قرض عمران صاحب نے قوم پر لاد دیا ہے وہ کون ادا کرے گا؟ عمران صاحب کا قرضہ لینے کا تاریخی ریکارڈ پاکستان کے لیے خطرناک ہے، پاکستان سب سے زیادہ مقروض ہے، لیکن بنی گالہ میں عمران خان کے محل کو ریگولرائز کر دیا گیا، پاکستان کی فی کس آمدن کم ہوئی، لیکن تین سالوں میں عمران صاحب کی آمدن میں 90% اضافہ ہوا، تین سالوں میں عمران صاحب کو سب کچھ نیا ملا لیکن عوام کو سوائے قرض، بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی کے کیا ملا؟ عمران صاحب عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکتے، بس خودکشی کرنے کا سوچیں، شاید کامیابی آئے اور عوام کو ریلیف ملے۔