بشیر میمن کا بیان ، پیپلز پارٹی نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

 اسلام آباد:پیپلزپارٹی نے سابق ڈی جی ایف آئی بشیر میمن کے بیان پر تحقیقات کےلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ورہنماءپیپلزپارٹی سلیم مانڈی والا نے کہاکہ بشیرمیمن کا بیان انتہائی اہم اور حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ سابق ڈی جی ایف اائی اے کے بیان نے ملک میں احتساب کے نام پر انتقام اور انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔رہنماءپیپلزپارٹی نے کہاکہ وزیراعظم، وزیر قانون، مشیر برائے احتساب کو سامنے آکر الزامات پر وضاحت دینی چاہئے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ واضح ہوگیا کہ نیب اور ایف آئی اے کو اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے، اپوزیشن ارکان تو اپنی جگہ احتساب کے نام پر معزز ججز سے بھی انتقام لیا جا رہا ہے۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سابق ڈی جی ایف آئی اے کے بیان سے اپوزیشن کے تحفظات اور خدشات کو تقویت ملتی ہے، پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیکر معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں۔پی پی رہنماءنے کہاکہ تحقیقات کی جائیں کہ کون کون سے لوگ ہیں جو اداروں پر اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کے لئے دباو ڈالتے رہے۔