پاکستان ،ترکمانستان کے درمیان وزارت خارجہ میں تعاون کے پروگرام پر دستخط


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان،ترکمانستان نے پروٹوکول اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026 سے 2030 تک تعاون کے پروگرام پر دستخط کر دیئے۔

دفتر خارجہ نے کہاپاکستان کی وزارت بین الصوبائی رابطہ اور ترکمانستان کی وزارت ثقافت کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے،معاہدوں ،دستاویزات سے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ و وزیر خارجہ رشید مریدوف کے ہمراہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلووں کا جائزہ ،مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فریقوں نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، ادارہ جاتی شراکت داری ،عوامی سطح پر تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے کہاطے پانے والے فیصلوں ،معاہدوں پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کےلئے مشترکہ ورکنگ گروپس، اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باقاعدہ پیش رفت کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ دیرینہ دوستی کو عملی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے،زیر التوا مسائل کے حل ،خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کےلئے مذاکرات ،سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں،ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ رشید میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے تعمیری کردار ،مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔