اگلا مرحلہ پہیہ جام ،اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی ہوسکتا ہے،حافظ نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے موجودہ حکومت نااہل ترین ،اپنی نااہلی ،کرپشن چھپانے کےلئے سارا بوجھ عوام پر منتقل کررہی ہے، پیر سے حکومت سے مذاکرات کا آغاز ہوگا، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو دھرنے حکومت گراو تحریک میں تبدیل ہوسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاوس کے باہر پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے کے 22ویں روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا شہباز حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 4ہزار ارب اکٹھے کیے،مذاکرات میں بتائیں گے کس طرح لیوی کے بغیر معیشت چل سکتی ہے ، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اگلا مرحلہ پہیہ جام،اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی ہوسکتا ہے،احتجاج کسی ذاتی نہیں عوامی مفاد کےلئے ہے، محسن نقوی بہت سارے معاملات سنبھالنے کی بجائے ایک شعبے پر توجہ مرکوز کریں تو بہتر ہوگا۔