ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد اختر اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر فیصل وحید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں آکسیجن جنریشن پلانٹ، پیرا میڈیکل الائیڈ سکول، ہسپتال کالونی، ڈرائی اینڈ پریسنگ ایریا شامل تھے۔ آکسیجن جنریشن پلانٹ کے دورے کے موقع پر انہوں نے اس کی مینٹی ننس اور آپریٹنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ پلانٹ کو بہترین انداز میں آپریٹ کیا جائے تاکہ مریضوں کو بلا تعطل آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ہسپتال میں بیڈ شیٹس کی صفائی اور دھلائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور مجموعی صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے پیرا میڈیکل الائیڈ سکول کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے پڑھائے جانے والے مضامین کے حوالے سے سوالات کیے۔ انہوں نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو معیاری طبی خدمات میسر آ سکیں۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا بڑا فیصلہ۔ ڈی پی ایس کے تعلیمی معیار کو بہتر کرنے اور انتظامی معاملات کو احسن انداز سے چلانے کیلئے تمام کیمپس میں علیحدہ پرنسپل مقرر کئے جائیں گے۔ ڈی پی ایس مین کیمپس، راوی کیمپس، چیچہ وطنی کیمپس اور کیمبرج کیمپس کو انتظامی خود مختاری حاصل ہوگی۔ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے دفتر میں ہونے والے ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے 105 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، پرنسپل اکبر علی اور بورڈ ممبران چوہدری سلطان محمود، پروفیسر قمر الزمان خان، سید افتخار حسین شاہ، حبیب جیلانی وینس، ڈاکٹر شہزاد طاہر چوہدری، میاں بشارت ندیم، مہر اللہ یار خان، چوہدری ہارون رشید اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کیمبرج سکول کی وائس پرنسپل مومنہ ایزد کی شاندار کارکردگی اور تین سال کے مختصر عرصے میں بچوں کی ریکارڈ تعداد میں داخلے کو سراہتے ہوئے ان کے معاہدے میں تین سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اساتذہ کی تعلیمی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کے لیے“پرفارمنس انڈیکیٹرز”مرتب کرنے کے جاری کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن/ چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے طلبہ و طالبات میں کھیلوں میں حصہ لینے کی دلچسپی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فرسٹ ایئر کے داخلوں میں کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کے لئے نشستیں مختص کی جائیں۔ اجلاس میں سلیبس میں بہتری، طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی ڈسپلن کے لیے اساتذہ پر مشتمل اکیڈمک کونسل قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں: کمشنر ساہیوال

















