ریاست اور اداروں کیخلاف کسی کو مسلح جدوجہد کا حق نہیں: عبد الخبیر آزاد

لاہور(قاضی ندیم اقبال/ عکاسی: میاں شاہنواز) چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور نظریہ پاکستان دراصل نظریہ اسلام ہے۔ قائداعظم پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانا چاہتے تھے۔ آج ہم اس نظریہ کو بھول گئے تو مسائل کا شکار ہیں۔ بطور مسلم اور پاکستانی ہم سب کو مذہب یا حقوق کے نام پر ریاست یا ریاستی اداروں کیخلاف باتیں کرنیوالوں کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جسے پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ آئین پاکستان کی موجودگی میں کسی فرد یا گروہ کو ریاست اور اس کے اداروں کیخلاف کسی قسم کی مسلح جدوجہد کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف تمام مسالک کے علماءو مشائخ کا متفقہ طور پر جاری کردہ”پیغام پاکستان “ ایک قومی بیانیہ اور تاریخی دستاویز ہے، اس قومی بیانیہ کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے ”مشرق“ کے دورہ کے موقع پر گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل، ایڈیٹر عاطف سعید سے ملاقات اور بعد ازاں ”مشرق فورم “ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسرپرست اعلیٰ مجلس علماءپاکستان مفتی فتح محمد راشدی، انچارج او ایس آرپرویز شفیع اور شوکت مروت و دیگر بھی موجود تھے۔دوران گفتگو مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام پرامن مذہب اور اپنے پیروکاروں کو امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ ماضی میں جب چند شرپسند عناصر نے ریاست کو غیر اسلامی قرار دیکرریاست اور اس کے اداروں کیخلاف اعلان جنگ کر دیا تو تمام مسالک کے علماءومشائخ نے متحد ہو کر اس بیانیہ کو مسترد کر کے اپنا ایک متفقہ فتویٰ جاری کیا جس میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی نفی کی گئی۔اس تاریخی دستاویزکے ذریعے تمام مسالک کے علماءومشائخ نے دہشت گردانہ اور انتہا پسندانہ سوچ کو کچل کر رکھ دیا۔ قیام پاکستان کیلئے برصغیر کے تمام مسلمانوںنے بلا امتیاز مسلک بڑی قربانیاں دیں اور قائداعظم کی قیادت میں متحد ہو گئے۔ آج ایک بار پھر ضرورت اس امر کی ہے کہ تعمیر پاکستان کیلئے پوری قوم بلا امتیاز مسلک ومذہب متحد ہو جائے۔”پیغام پاکستان“ دراصل پیغام اسلام ہے۔ اسلام رواداری کا درس دیتا ہے۔ اسلام تفرقہ بازی سے منع کرنا اور مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی کا درس دیتا ہے۔ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جو اپنے پیروکاروں کو امن وآشتی سے رہنے کا پیغام دیتا ہے۔آئین پاکستان کے مطابق پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جہاں کوئی قانون قرآن وسنت کے متصادم نہیں ہو سکتا ہے۔اسلام میں نہ صرف خودکشی حرام ہے بلکہ خود کش حملوں کے ذریعے دوسرے مسلمانوں کی جان لینا گناہ تصور کیا جاتا ہے۔ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب یہ پورا خطہ سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار کے اس دور میں ہمارے دشمن قوم اور فوج میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔”پیغام پاکستان “ ایک فکری تحریر وتقریر ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف یہ بیانیہ جاری کر کے علمائے کرام نے نہ صرف اپنا قومی اور مذہبی فریضہ انجام دیا بلکہ پوری دنیا کو پیغام دیا کہ علماءہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے دشمن داخلی وخارجی محاذ پر سازشوں میں مصروف ہیں وہ پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں پوری قوم کو اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا۔ بھارت، ہو یا اسرائیل یا امریکہ ، ان کے شر سے بچنا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔قرآن پاک کی سورت الکافرون دوقومی نظریہ کی تائید کرتی ہے۔پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جس کے دستور کا آغاز اس قومی وملی میثاق قرارداد مقاصد سے ہوتا ہے۔ اسلام رواداری اور تحمل وبرداشت کا درس دیتا ہے۔بین المذہب ہم آہنگی کی بابت گفتگو کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی موجودہ دور میں امن، سماجی استحکام اور قومی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ یہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان احترام، برداشت اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیتی ہے۔ پاکستان جیسے کثیر الثقافتی ملک میں، جہاں مختلف عقائد کے ماننے والے رہتے ہیں، نفرت اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔عصر حاضر کے چیلنجز اور علماءکرام کی ذمہ داریوں کی بابت پوچھے گئے سوال کے جواب میں مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے مراد وہ مشکلات، مسائل اور سوالات ہیں جو آج کے دور میں مسلمانوں کو درپیش ہیں اورجن کا تعلق مذہبی، سماجی، اقتصادی اور فکری پہلوووں سے ہے۔ یہ چیلنجز اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب دنیا کے بدلتے حالات، نئی ایجادات، نئے نظریات اور افکار کے باعث اسلامی تعلیمات کو نئے حالات کے تناظر میں سمجھنے اور ان کا اطلاق کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہاں پر عصر حاضر سے ہماری مراد 1850ءکے بعد سے لے کر موجودہ دور تک کا زمانہ بالعموم اور سلطنت عثمانیہ کے خاتمہ (1924ئ) سے لیکر آج تک کا زمانہ بالخصوص ہے۔علماءکرام انبیاءکے وارث اور معاشرے کے رہنما ہیں۔جن پر دین کی حفاظت، اشاعت اور امت کی اصلاح کی عظیم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ان کا بنیادی کام کتاب و سنت کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا، گمراہیوں کے خلاف جدوجہد کرنا اور دور حاضر کے مسائل کا شرعی حل پیش کر کے قوم کی صحیح راہنمائی کرنا ہے۔

لاہور(نمائندہ خصوصی )دہشت گردی کے خاتمے اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے پاک فوج نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج کی ان کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبد الخبیر آزاد نے ”مشرق“ سے گفتگو میں قرار دیا کہ پاکستان کو معاشی سیاسی اور دہشت گردی کے حوالے سے کئی چیلنجز درپیش تھے۔پاک فوج جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشت گردی اور دہشت گردوں کو منطقی انجام سے دو چار کر رہی ہے۔بیرونی طاقتیں تو پاکستان کے خلاف بروئے کار ہیں ہیں، کچھ اندرونی عناصر بھی پاکستان کے خلاف سازشیں بنتے رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ففتھ جنریشن وار بھی معاشرے میں مایوسی کا سبب بن رہی تھی۔ریاست کی طرف سے کیے گئے فول پروف اقدامات کے باعث معاشرے میں مایوسی پھیلانے والے لوگوں کو آرمی چیف کے بقول شکست ہو چکی ہے۔ یہی حقیقت اور سچ بھی ہے۔چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے ”مشرق“ کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں قرار دیا کہ پاک فوج کیلئے دہشت گردی بہت بڑا چیلنج تھا۔ اس چیلنج کے ساتھ جس طرح پاک فوج نے نمٹا۔اس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے باہمی تعاون سے دہشت گردوں کو جس جرا¿تمندانہ انداز میں نشان عبرت بنایا وہ مسلمہ حقیقت ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کا کریڈٹ بلا شبہ ہمارے سپہ سالارجنرل عاصم منیر کو جاتا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ میں پاک فوج کا اہم کردار ہے جس کے جوانوں اور افسروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔آرمی چیف کی فہم و فراست سے ہی دہشت گردی کی جنگ میں کامیابی ملی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کو روکنے میں بھی پاک فوج کا اہم کردار ہے۔

لاہور(نمائندہ خصوصی )مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی حیثیت قاضی کی ہے اور اس میں مختلف مسالک کے اہل علم حضرات اس کمیٹی میں نمائندگی کیلئے موجود ہیں اور باقاعدہ اس میں ایک چیئر مین منتخب ہے اور کمیٹی کی اعانت کیلئے اس میں ماہرین فن موجود ہیں، بلاشبہ اس کو قانونی حیثیت حاصل ہے۔”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی بالکل آزادانہ کام کرتی ہے۔ حکومت بالواسطہ یا بلا واسطہ کسی طرح بھی مداخلت نہیں کرتی، علماءیعنی اراکین کمیٹی تمام صوبوں کی ذیلی کمیٹیوں سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے معلومات حاصل کرتے ہیں یا لوگ از خود ان کو اطلاعات فراہم کرتے ہیں۔ پھر وہ علماءان اطلاعات کی روشنی میں اپنے طور پر فیصلہ کرتے ہیں۔ کسی بھی مرحلے میں حکومت اس میں دخل انداز نہیں ہوتی۔ مرکزی کمیٹی اور ذیلی کمیٹیاں اپنے مقصد وجود اور طریق کار کے لحاظ سے بالکل صحیح ہیں، ان میں شرعا کوئی قباحت نہیں ہے۔