تہران،تل ابیب،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)تہران میں زمینی آپریشن کی تیاری،ایک اور امریکی جنگی بحری بیڑا 3500 اہلکاروں کےساتھ مشرق وسطیٰ پہنچ گیا،امریکی فوج شارک مچھلیوں کی خوراک بنے گی، ایران نے تباہ کن نتائج کی دھمکی دےدی۔
واشنگٹن پوسٹ نے کہا پینٹاگون کئی ہفتوں پر محیط ممکنہ زمینی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، حملہ مکمل نہیں ہوگا ،سپیشل فورسز ، روایتی پیادہ فوج کے مشترکہ چھاپے شامل ہو سکتے ہیں،کارروائیاں ایرانی ساحلی علاقوں و اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کےلئے کی جا سکتی ہیں، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے قریب موجود تنصیبات،تجارتی و فوجی جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران امریکی فوج کو ایرانی ڈرونز، میزائل حملوں، زمینی فائرنگ ،دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے،وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا پینٹاگون کا کام مختلف آپشنز تیار کرنا ہے تاکہ صدر کو فیصلے کےلئے مکمل اختیارات حاصل ہوں، مطلب یہ نہیں کوئی حتمی فیصلہ ہو چکا ۔
دریں اثناامریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ایک اورجنگی بحری بیڑا یو ایس ایس ٹریپولی 3500 سیلرز و میرینز کو لےکر مشرق وسطیٰ پہنچ گیا ،بحری بیڑے کے ہمراہ ٹرانسپورٹ ،سڑائیک فائٹر ہوائی جہاز بھی ہے۔
دوسری جانب ایران نے تباہ کن نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہازمینی حملوں کی صورت میں امریکی افواج کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا،ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کےلئے تیار ہےں۔
لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے صدر ٹرمپ کو اسرائیل کا پیادہ قرار دیتے ہوئے کہاامریکی صدر ایپسٹین کیس میں اپنے پس منظر کی وجہ سے موساد کے دباو¿ میں ہیں،کسی بھی ممکنہ زمینی حملے یا قبضے کی کوشش کی صورت میں امریکی فوجی خلیج فارس کی شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے،زمینی کارروائیوں و خلیج فارس کے بعض جزائر پر قبضے کی دھمکیاں صرف خام خیالی ثابت ہوں گی،ایرانی افواج طویل عرصے سے ثابت کرنے کی منتظر ہیں جارحیت و قبضے کا انجام ذلت ،حملہ آوروں کی بربادی ہوتا ہے۔
ایرانی فوج ترجمان نے کہا امریکی فوجی تباہ شدہ اڈوں سے پسپا ،علاقائی ممالک کے شہری و معاشی مراکز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں پھر بھی ایرانی حملوں سے محفوظ نہیں ،امریکی قیادت ایران کی تاریخ کا مطالعہ اور ماضی میں غیر ملکی حملہ آوروں کےساتھ ہونےوالے تجربات سے سبق سیکھیں ،غلط فیصلے امریکی افواج کے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔
پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے خبردار کیا ایران پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی تو امریکی فوج اور خطے میں اتحادیوں کو تباہ کن جواب دیا جائے گا،ایران کےخلاف کسی بھی زمینی حملے کی کوشش کا نتیجہ بدترین نتیجے کی صورت میں نکلے گا، سڑکوں پر لاکھوں ایرانیوں کی موجودگی ملکی سماجی طاقت کی عکاسی ہے،قومی یک جہتی نے ایرانی معاشرے کو تقسیم کرنے کی مخالفانہ کوششوں کو ناکام بنا دیا ،بیرونی دباو کے باوجود ملک مزید مضبوط و متحد ہو گیا ۔
باقر قالیباف نے کہا امریکہ ایک طرف مذاکرات کی بات اور دوسری جانب زمینی حملے کے منصوبے بنا رہا ہے لیکن ایرانی افواج کسی بھی منظرنامے کےلئے تیار اور فیصلہ کن جواب دیں گی،فتح حاصل ہونے تک اپنا راستہ جاری رکھےں گے،موجودہ تنازع کا نتیجہ مستقبل میں کسی بھی جارح کےلئے ہمیشہ کا سبق دےگا۔
علاوہ ازیں پاسداران انقلاب نے حملوں میں 500 امریکی فوجی ہلاک و زخمی اور ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاجنوبی فارس میں امریکی ایف 16 طیارہ مار گرایا، طیارہ سعودی ایئر بیس پہنچنے سے پہلے کریش ہوگیا، مقبوضہ فلسطین و خطے میں امریکی و اسرائیلی صنعتوں پر شدید حملے کئے ، آئندہ ایرانی صنعتوں پر حملہ ہوا تو نتیجہ سوچ سے برا ہوگا،حیفہ میں سٹریٹجک الیکٹرونک وار فیئر سینٹر ،بن گورین ایئر بیس پر ایندھن کے ذخیروں کو نشانہ بنایا گیا۔
آپریشن وعدہ صادق 4 میں حملوں کی 86ویں لہر کے دوران پہلے مرحلے میں امریکی اڈوں میں فضائی و ڈرون آپریشنز کے بنیادی ڈھانچے ،اسلحہ ذخائر کونشانہ بنایا بعد ازاں دشمن کے مبینہ ٹھکانوں کو مختلف علاقوں بشمول عراد، نقب، تل ابیب، اربیل اور امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈ کوارٹر کو ہدف پر رکھا۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا انتقامی کارروائی کے دوران اب خطے میں اسرائیل ،امریکی یونیورسٹیوں کو نشانہ بنائیں گے،عملہ، طلبہ اور جامعات کے قریب رہنے والے عام شہری اپنی جانیں محفوظ رکھنے کےلئے تعلیمی اداروں سے کم از کم ایک کلومیٹر کا فاصلہ رکھیں۔
ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا آبنائے ہرمز کے اطراف کے پانیوں پر مکمل قبضہ ،امریکی فوج رینج میں آئی تو میزائل سسٹم سے نشانہ بنائیں گے،میزائل حملوں سے امریکی جنگی جہاز ابراہم لنکن سینکڑوں میل پیچھے ہٹ گیا ۔
علاوہ ازیں یمن کے حوثی جنگجووں نے جنوبی اسرائیل کے کچھ حصوں میں دوسرا حملہ کردیا، کروز میزائلوں اور ڈرونز کی مدد سے اسرائیل کی کئی اہم فوجی تنصیبات کوہدف بنایا،حملے ایران ،حزب اللہ کی متعلقہ فوجی کارروائیوں کےساتھ مل کر کیے گئے اور اپنے مقاصد میں کامیاب رہے آئندہ چند دنوں میں مزید حملے کیے جائیں گے ۔
مزید برآں تہران میں قطر کے نیوز چینل کی عمارت پر اسرائیلی حملے میں متعدد افرادزخمی ہوگئے،اسرائیلی میزائلوں کے بعد لائیو نشریات معطل ہوگئیں،4 منزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
ادھر ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق امریکی و اسرائیلی حملوں میں 93 ہزار املاک تباہ،بنیادی صحت اور ہنگامی طبی امداد کے مراکز بھی نشانہ بنایا گیا،شہداد کی تعداد 2076تک جاپہنچی،216 بچے بھی شامل ہیں۔
دریں اثناجنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں ،طبی عملے کے 5 اراکین سمیت 16 افراد شہید ہوگئے
تہران میں زمینی آپریشن کی تیاری،امریکی فوجی شارک کی خوراک بنیں گے، ایران


















