بھرتی کیس،موزوں ترین امیدوار کا انتخاب نہ کرنا عوامی امانت میں خیانت ہے،آئینی عدالت


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بھرتی کے عمل میں کسی قسم کا تعصب یا بددیانتی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے،وفاقی آئینی عدالت کااہم فیصلہ،صوبائی سلیکشن کمیٹیوں کے احکامات کالعدم ،خیبرپختونخوا حکومت کو 60 روز میں شفاف بھرتیوں کا حکم دےدیا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے تحریری فیصلے میں کہاخیبرپختونخوا حکومت قانون کے مطابق بھرتیوں کا عمل دوبارہ شروع کرے،تقرریوں کا عمل 60 روز میں مکمل کر کے رپورٹ رجسٹرار کو پیش اورغفلت برتنے والے افسروں کےخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔

فیصلے میں کہا گیا عوامی تقرریوں کا عمل آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق پر مبنی اور ہر شہری کو سرکاری آسامیوں کےلئے مقابلے کا حق حاصل ہے،شفاف و منصفانہ تقرری بھی شہریوں کا بنیادی حق ہے، بھرتی کے عمل میں کسی قسم کا تعصب یا بددیانتی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے،نائب قاصد، خاکروب اور چوکیدار جیسی آسامیوں کےلئے زیادہ احتیاط برتی جائے ایسی تقرریاں مقدس امانت اورسخت تعلیمی شرائط نہیں ہوتیں،موزوں ترین امیدوار کا انتخاب نہ کرنا عوامی امانت میں خیانت کے مترادف ہے۔