ایک طرف خوش آمدید ، دوسری طرف کارکنوں کو اٹھایا جاتا ہے: سہیل آفریدی

پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ ائیرپورٹ پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ سے دلچسپ مکالمہ ، سہیل آفریدی نے کارکنوں کی گرفتاریوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک طرف مجھے خوش آمدید کہا جا رہا اور دوسری جانب کارکنوں کو اٹھایا جا رہا ہے،سہیل آفریدی کوئٹہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر کمشنر کوئٹہ اور ڈی آئی جی کوئٹہ نے استقبال کیا،اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے وزیر اعلیٰ کو خوش آمدید کہا تاہم سہیل آفریدی نے کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجھے ویلکم سے زیادہ کارکنوں کی فکر ہے، آپ کارکن اٹھا رہے ہیں اور مجھے ویلکم کہہ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے سوال پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے کارکنوں کی گرفتاری سے انکار کیا،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا ہاوس میں پودا لگا کر احساس شجر مہم کا آغازکر دیا،سہیل آفریدی نے کہا یوم پاکستان اور عید کے موقع پر تاریخی اور ریکارڈ شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے، ایک ہی دن میں سرکاری سطح پر 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہے، عوام بھی مہم میں حصہ لے رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات سے صوبے کے جنگلاتی رقبے میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، ماحول، مستقبل اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے سنجیدہ ہیں جس کےلئے عملی اقدامات بھی جاری ہیں،سہیل آفریدی نے کہا ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر جنگلات کا فروغ و تحفظ ناگزیر ہو چکا ہے۔