اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت، عظیم نظریے و لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آج بھی یوم پاکستان جیسے جذبے، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے،یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا 23 مارچ عزم و وفا کی انمٹ داستان اور ہماری قومی یکجہتی و استقامت کی علامت ہے، بانیان پاکستان اورتحریک پاکستان کے شہداءکو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،23 مارچ 1940 تاریخ کا سنہرا باب ہے جب ہمارے آباو¿ اجداد نے علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی، لاہور کے تاریخی اجتماع میں کیا گیا وعدہ صرف 7 برس بعد پاکستان کی صورت میں ایفا ہوا، قرارداد لاہور نے واضح پیغام دیا مسلمان الگ قوم ہیں اور انہیں سیاسی، معاشی اور جغرافیائی خودمختاری درکار ہے، یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومیں نظریات، اتحاد اور مسلسل جدوجہد سے زندہ رہتی ہیں،محسن نقوی نے کہا قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم جیسے سنہری اصول ہی کامیابی کی ضمانت ہیں، بحیثیت قوم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں ہم وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آئیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو عملی طور پر اپنائیں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے۔
چیلنجز سے نمٹنے کیلئے یوم پاکستان جیسے جذبے، اتحاد کی ضرورت ہے: محسن نقوی

















