اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہی کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ طور پر اپنی زندگی گزار سکیں۔
صدر پاکستان نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا، یوم پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اتحاد و یکجہتی سب سے اہم عنصر ہے، 1947ئ میں قیام پاکستان کے وقت ہمیں بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے باہمی تعاون، محنت اور صلاحیت کے ذریعے ان مشکلات پر قابو پایا اور ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا، درخشندہ مستقبل کی جانب سفر آج بھی جاری ہے، چیلنجز کے باوجود ہم نے معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے ازلی دشمن کو موثر جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، سرحدوں پر طالبان غاصب ٹولے کی بلا اشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضب للحق کے ذریعے دیا گیا، آپریشن غضب للحق محض عسکری کارروائی نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔
یوم پاکستان، صدر اور وزیراعظم کی پوری قوم کو مبارک باد

















