ایران کے حملے ،اسرائیل میں قیامت برپا،یمونا ،عرادمیں تباہی،متعدد افراد ہلاک
تہران،تل ابیب،واشنگٹن،ریاض،برسلز،ماسکو:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران کے حملوں سے اسرائیل میں قیامت برپا،ایٹمی تنصیبات والے شہردیمونا اورعراد پر میزائلوں کی بارش،عمارتیں زمین بوس،متعدد افراد ہلاک ،100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
امریکہ ،اسرائیل کی جانب سے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، دیمونا ،وسطی علاقوں پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائل برسادئیے،اسرائیل کادفاعی نظام بری طرح ناکام ہوگیا، 450 کلووزنی میزائل ہدف پرگرے،عمارتیں زمین بوس،گھروں میں آگ بھڑک اٹھی،متعدد افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے، دیمونا میں اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات موجود ہیں،ایران کے ہولناک حملوں کے بعد اسرائیل نے پورے ملک میں تعلیمی ادارے بند کردئیے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے جوابی حملوں کے بعد صورتحال کو اسرائیل کےلئے انتہائی مشکل شام قرار دیتے ہوئے کہامستقل کی جنگ ہے،مشکل حالات کے باوجود اسرائیل اپنے دشمنوں کےخلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے مطابق ڈیمونا ایٹمی پلانٹ کی سرگرمیوں پر گہری نظر ہے، کسی غیرمعمولی تابکاری کے شواہد نہیں ملے، جوہری تنصیبات پر حملوں سے گریز کیا جائے، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں،اسرائیلی ایئر فورس نے جنوبی عراد میں ایرانی بیلسٹک میزائل روکنے میں ناکامی کی تحقیقات شروع کر دیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی دفاعی نظام کی جانب سے میزائل روکنے کی 2کوششیں ناکام رہیں جس کے بعد میزائل شہر میں براہ راست آ کر گرا۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا ایران کے میزائل 4ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ،لندن، پیرس تک بھی پہنچ سکتے ہیں،برطانوی میڈیا کے مطابق دیمونا میں ایران کے کامیاب حملوں نے دفاعی حلقوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ،سکائی نیوز کے تجزئیے میں کہا گیا مشرق وسطیٰ کے واحد ایٹمی پلانٹ کے قریب حملے غیر معمولی ہیں،اسرائیل کی حساس ترین تنصیب کے گرد انتہائی مضبوط و جدید دفاعی نظام نصب پھرمیزائل پہنچ جانا بڑ دھچکا ہے۔
قبل ازیں ایران نے بحر ہند میں 3810کلو میٹر دورامریکہ و برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے ڈیاگو گارسیا پربیلسٹک میزائلوں سے حملہ کرکے سب کو حیران کردیا،2بیلسٹک میزائل داغے گئے،کوئی بھی ہدف پر نہیں لگا۔
علاوہ ازیں ایران نے امریکہ کاایف فائیو،اسرائیل کاایف 16طیارہ مار گرایا،ایرانی فوج نے کہادشمن کے لڑاکا طیاروں کوزمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
دریں اثناایرانی پاسداران انقلاب کی ایئرو سپیس فورس کے کمانڈر سید ماجد موسوی نے کہا نئے لانچ سسٹمز امریکہ ،اسرائیل کو حیران کر دیں گے، ایران کی نئی میزائل صلاحیتیں خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر سکتی ہیں ،نظاموں کی وجہ سے دشمن ممالک دنگ رہ جائیں گے، ایران کی میزائل طاقت نے مقبوضہ علاقوں کے آسمانوں پر برتری حاصل کر لی۔
میجر جنرل عبداللہی نے کہا ایران کا فوجی نظریہ دفاع سے بدل کر جارحانہ جنگ کا ہو چکا ،حکمت عملی بھی اسی کے مطابق ڈھال لی ،مسلح افواج نئے تیار کردہ جدید ہتھیاروں کے ذریعے دشمن کے اندازوں کو الٹ دیں گی،نوجوان سائنسدانوں کے تیار کردہ جدید ترین ہتھیار پہلے ہی میدان جنگ میں استعمال ہو رہے ہیں،مزید حیران کن اقدامات بھی سامنے آئیں گے،قومی اتحاد ،عوامی حمایت ایران کی طاقت اور مستقبل کی کامیابیوں کے بنیادی عوامل ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا دشمن کے مکمل سرنڈر تک جنگ پوری شدت ،طاقت کےساتھ جاری رکھی جائے گی،خلیج فارس ،بحیرہ عمان میں دشمن کے کسی جہاز کا کوئی نشان نہیں ملا،پیشرفت ایرانی قوم، جنگجوﺅں ،مزاحمتی محاذ کی مکمل فتح تک جاری رہے گی،ایران اپنی حکمت عملی پر قائم اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا ایران سے صبرو تحمل کی توقع رکھنا بے معنی ہے،جارحیت مسلط کرنے والے پہلے جنگ روکیںپھر ہی تہران سے کسی ردعمل کی توقع رکھی جائے،انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن میں ایرانی نمائندے نے کہاآبنائے ہرمز صرف ایران کے دشمنوں کےلئے بند،غیر ملکی جہاز اجازت سے ہی گزر سکتے ہیں،سفارتکاری ترجیح ،ایران کےخلاف اسرائیلی اور امریکی حملے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کی جڑ ہے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا جنگ ایران مسلط کی گئی تاہم تہران عارضی نہیں ،مکمل، جامع اور دیرپا جنگ بندی کا خواہاں ہے،جنگ کے خاتمے کاباعث بننے والے ہر اقدام کی حمایت کریں گے،کسی بھی سنجیدہ جنگ بندی تجویز پر غور کرنے کےلئے تیار ،بعض ممالک مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کےلئے کوششیں کر رہے ہیں،ایران خطے میں پائیدار امن کے قیام کےلئے سفارتی راستہ اختیار کرنے کو ترجیح دیتا ہے بشرط خودمختاری و سلامتی کا احترام کیا جائے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی و ہمسایہ ممالک کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ایران کا کسی بھی برادر ملک سے کوئی تنازع نہیں،اسلامی دنیا کے درمیان اختلافات سے صرف صہیونی ریاست فائدہ اٹھا رہی ،اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،دعاگو ہوںمسلم ممالک کے درمیان یکجہتی پیدا ہو اور سب مل کر امن و استحکام کےلئے کام کریں
علاوہ ازیں سعودی عرب نے ایران کے سفارتی عملے کوناپسندیدہ شخصیت قرا ردے کر24گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دےدیا،وزارت خارجہ نے کہافیصلہ ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ،مملکت ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے،ایرانی اقدامات خطے کے امن کےلئے سنگین خطرہ ہیں ،نتائج بھی نہایت سنگین ہوں گے،ملٹری اتاشی، اسسٹنٹ ملٹری اتاشی اور سفارتخانے کے مزید 3اہلکاروں کو فوری طور پر سعودی عرب چھوڑنا ہوگا۔
مزید برآں جی 7ممالک نے کہا حملے بلاجواز اور خطے کے امن و استحکام کےلئے سنگین خطرہ ہیں،ایران جارحیت فوری بند کرے،جی 7ممالک اپنے علاقائی شراکت داروں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے،شہری آبادی ،توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
ادھر روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ماسکو مشکل وقت میں تہران کا وفادار دوست اور قابل اعتماد شراکت دار بنا رہے گا،دعاہے ایرانی عوام سخت حالات پر کامیابی سے قابو پائیں۔


















