شہر شہر ،قریہ قریہ نماز عید کے اجتماعات،ملکی سلامتی کیلئے دعائیں


اسلام آباد،کراچی ،پشاور،لاہور،کوئٹہ: (نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)ملک بھر میں عید الفطر روایتی جوش وخروش، مذہبی عقیدت و احترام کےساتھ منائی گئی۔

شہر شہر ،قریہ قریہ نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحا لی اور ا مت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے ملکر مبارکباد دی،لاہور میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد اورجامع مسجد داتا دربار میں ہو ئے،ہزاروں افراد نے شرکت کی،چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب مولانا سید عبد الخبیر آزاد ،مفتی رمضان سیالوی نے خطبات دئیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز لاہور میں پڑھی،حمزہ ،سلمان شہباز ،وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی ہمراہ تھے،ملکی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی سلامتی اور خطے میں قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعظم عام شہریوں ، پارٹی کارکنوں میں گھل مل گئے، فرداً فرداً سب سے عید ملے،مبارکباد دی۔