ٹرمپ مزید تنہا،یورپی یونین نے بھی جھنڈی دکھا دی،ڈائریکٹر امریکی انسداد دہشتگردی مرکز مستعفی

تہران،واشنگٹن،تل ابیب،برسلز،پیرس،ورسا:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ٹرمپ مزید تنہائ،یورپی یونین نے بھی جھنڈی دکھا دی،ایران جنگ کے مخالف ڈائریکٹر امریکی نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر مستعفی، امریکہ،اسرائیل شیطان،آئیں اتحاد قائم کریں،ایران کا مسلم ممالک کو کھلا خط ،سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کشیدگی میں کمی کیلئے 2ممالک کی تجاویز مسترد کر دیں۔

یورپی ممالک نے آبنائے ہرمز میں فوجی کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ایران سے جاری تنازع میں براہ راست شامل نہیں ہونا چاہتے،خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلئے سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے،امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ جنگ کی حکمت عملی پر وضاحت دیں۔

خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے کہا یورپی رکن ممالک فی الحال آبنائے ہرمز تک یورپی بحری مشن کو وسعت دینے کے حق میں نہیں، خطے میں کشیدگی کے باوجود زیادہ تر ممالک جنگ میں شامل ہونے سے گریزاں ہیں،خوراک، کھاد ،توانائی کی ترسیل کےلئے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کا محفوظ رہنا انتہائی ضروری ہے، یورپی ممالک بحران کا حل سفارتی ذرائع سے نکالنے کی حمایت کرتے ہیں، یوکرین کی سکیورٹی بدستور یورپ کی ترجیح رہے گی۔

جرمن وزیر خارجہ،وزیر دفاع نے کہاملک موجودہ تنازع میں کسی فوجی مشن میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا،امریکہ ،اسرائیل کو اپنے اہداف ، حکمت عملی پراتحادیوں کو واضح معلومات فراہم کرنی چاہئیں،آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری گزرگاہ کو یقینی بنانے کےلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کرینگے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے واضح کیا تنازع کو نیٹو مشن نہیں سمجھتا اور وسیع جنگ میں شامل نہیں ہوں گے البتہ اتحادیوں کےساتھ مختلف آپشنز پر بات چیت جاری ہے،نیدرلینڈز، یونان اور اٹلی نے بھی امریکی تجویز پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے فوری فوجی کارروائی کو مشکل قرار دےدیا۔

پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے کہاایران جنگ میں حصہ لینے کےلئے فوجی دستے نہیں بھیجےں گے،حکومت ایران میں کسی بھی قسم کی فوجی مہم کی منصوبہ بندی نہیں کر رہی،فیصلے کا اطلاق پولینڈ کی بری، فضائی اور بحری افواج سب پر ہوتا ہے، یوکرین کی سرحدی کشیدگی کے پیش نظر افواج کو اب بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے،نیٹو کے ذریعے باقاعدہ درخواست آئی تو غور کیا جائےگا۔

فرانسیسی صدر امانیول میکرون نے کہا فرانس کبھی آبنائے ہرمز کھلوانے کے آپریشن میں حصہ نہیں لے گا،تنازع کے فریق نہیں،فرانس اتحاد کی تیاری پر کام کر رہا ہے جو کشیدگی ختم ہونے کے بعد آزادانہ جہاز رانی کی ضمانت فراہم کرے۔

ادھر ڈائریکٹر امریکی نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر جو کینٹ نے ایران جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے استعفیٰ دےدیا، اپنے سوشل میڈیا بیان میں جو کینٹ نے کہا اپنے ضمیر کے مطابق ایران کےخلاف جنگ کی حمایت نہیں کر سکتا،تہران امریکہ کےلئے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا ،جنگ اسرائیل ،بااثر امریکی لابی کے دباو کے نتیجے میں شروع کی گئی،اسرائیلی حکام نے امریکہ کو تنازع میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ،مقصد کےلئے غلط معلومات پر مبنی مہم بھی چلائی گئی۔

مستعفی ڈائریکٹر نے مزید کہاایران پر حملے کے حق میں پیش کیے جانےوالے دلائل اور فوری کامیابی کے دعوے 2003 کی عراق جنگ 2003 سے قبل کی صورتحال کی یاد دلاتے ہیںایک ایسے شخص کے طور پر جس نے 11 مرتبہ جنگی خدمات انجام دیں اور اپنی اہلیہ کو اسرائیل کی شروع کی گئی جنگ میں کھویا،نئی نسل کو ایسی جنگ میں بھیجنے کی حمایت نہیں کر سکتے جو امریکی عوام کے مفاد میں نہ ہو اور قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کرنی پڑے۔

دریں اثنا ایرانی سپریم لیڈر نے 2ثالثی ممالک کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے کہافی الحال امن کا وقت نہیں اسرائیل ،امریکہ کو شکست دے کر تاوان وصول کریں گے،دونوں ممالک کو نقصانات کاہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔

قبل ازیں ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے مسلم ممالک کو کھلا خط لکھ کرسوال کیا آپ امریکہ ،اسرائیل کے ساتھ ہیں یا ایران ،مزاحمت کاروں کےساتھ ؟،مذاکرات کے دوران امریکی و صیہونی حملے کا سامنا کرنا پڑا ،مقصد ایران کو توڑنا تھا،حملے میں سپریم کمانڈر، کئی عام شہریوں اور فوجی کمانڈروں نے جام شہادت نوش کیا، چند نادر مواقع کے علاوہ کوئی اسلامی ملک ایرانی عوام کےساتھ کھڑا نہیں ہواپھر بھی ایرانی عوام نے مضبوط ارادے کےساتھ دشمن پر قابو پالیا ،دشمن سٹریٹجک بحران سے نکلنے کے قابل نہیں۔

علی لاریجانی نے کہا ایران بڑے اور چھوٹے شیطان یعنی امریکہ ،اسرائیل کےخلاف مزاحمت کے راستے پر قائم ہے لیکن کچھ اسلامی حکومتوں کا رویہ مناسب نہیں،کیا ایران سے توقع کی جاتی ہے بے بس بیٹھا رہے جبکہ آپ کے ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو استعمال کر کے تہران پرحملے کیے جائیں؟،اسلامی دنیا کے مستقبل پر غور کریں، آپ جانتے ہیں امریکہ آپ کےساتھ وفادار نہیں اور اسرائیل آپ کا دشمن ہے، ایک لمحے کےلئے رکیں اور اپنے ،خطے کے مستقبل کا سوچیں، ایران خیرخواہ ہے آپ پر غلبے کا ارادہ نہیں رکھتا اگر امت مسلمہ مضبوط اتحاد قائم کر لے تو تمام ممالک کےلئے سلامتی، ترقی اور آزادی کو یقینی بناسکتا ہے۔

علاوہ ازیں اپنے ہاتھ سے لکھے پیغام میںعلی لاریجانی نے امریکی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی بحریہ کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاشہید اہلکاروں کی یاد ہمیشہ ایرانی عوام کے دلوں میں رہے گی، قربانیوں سے ایرانی فوج کی بنیادیں مضبوط ہوں گی،بحریہ کے بہادر مجاہدین کی شہادت ظالم قوتوں کےخلاف قربانیوں کا حصہ ہے۔

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے خبردار کیا خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیاتوسرزمین استعمال ہونےوالے ممالک کو فیصلہ کن جواب دےگا، ایرانی فوج کسی معاملے پر وارننگ دے تو عمل بھی کرتی ہے،کسی ملک نے امریکہ کو اپنی سرزمین خارگ جزیرے پر حملے کےلئے استعمال کرنے دی تو ممکنہ ردعمل کےلئے تیار رہنا چاہیے، توانائی مراکز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پاسداران انقلاب نے کہا آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 58 ویں لہر میں اسرائیل ،خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل و ڈرون حملے کیے، وسیع کارروائی کورمضان جنگ کے شہید بچوں کے نام کیا گیا،حملے خاص طور پر میناب سکول کے متاثرین اور حالیہ کشیدگی میں جاں بحق ہونےوالے 3روزہ بچے مجتبیٰ کی یاد میں کیے گئے،آپریشن میں انتہائی درست و بھاری میزائلوں کا استعمال کیا گیا ،2 ٹن وزنی وارہیڈ سے لیس خرمشہر ، قدر ،جدید فتاح اور خیبر شکن میزائل شامل ہیں،فتح و قیام جیسے درمیانی فاصلے کے میزائل اور بڑی تعداد میں خودکش ڈرونز بھی استعمال کیے۔

اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے کہاحملوں میں مقبوضہ علاقوں کے شمالی ، وسطی حصوں میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ،نہاریا، بیت شمش، تل ابیب و مغربی بیت القدس ،خطے میں امریکی فوجی تنصیبات شامل ہیں۔

مزید برآں اسرائیل نے ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی ، پاسداران انقلاب کی پیراملٹری فورس بسیج کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو شہید کرنے کادعویٰ کردیا،کارروائی ملٹری انٹیلی جنس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا علی لاریجانی اور غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا مقصد ایرانی حکومت کو غیر مستحکم ،عوام کو موجودہ نظام کےخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا موقع فراہم کرنا ،دونوں کی ہلاکت بڑی کامیابی ہے،ایرانی حکومت کے ہارڈ لائنر کو نشانہ بنا رہے ہیں ،نتیجے میں عوام کو اپنی حکومت کےخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا موقع ملے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بقول سب کچھ ایک دم نہیں ہوگا اور نہ ہی آسانی سے ہوگا البتہ اگر مسلسل ایرانی حکومت کی باقایات پر حملے جاری رکھیں تو ایرانی عوام کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا موقع مل سکتا ہے،ایران کےخلاف جاری کارروائیوں میں اسرائیل ،امریکہ کے درمیان قریبی تعاون موجود ،معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے طویل گفتگو ہوتی رہتی ہے،دونوں ممالک کی فضائی و بحری افواج ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں تاکہ ایران کےخلاف کارروائیوں کو موثر بنایا جا سکے، ایران پر دباو بڑھانے کےلئے براہ راست و بالواسطہ دونوں طرح کی کارروائیاں جاری رکھیں گے،آنےوالے دنوں میں کئی حیران کن پیش رفتیں دیکھنے کو مل سکتی ہیں،ایران نے علی لاریجانی کے شہید ہونے کی تردید کردی۔

ادھر اقوام متحدہ کے جنیوا ہیڈکوارٹر میں متحدہ عرب امارات کے مندوب جمال المشرخ نے کہاامارات ،خطے کے ممالک پرحملوں کےلئے ایرانی حکومت کے جواز ناقابل قبول ،بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، جارحانہ حملے غیرقانونی و بزدلانہ اقدام ،انسانی حقوق وتحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں ایرانی حملوں کو انتقامی ردعمل قرار دینا افسوسناک ہے، جنگ کی مخالفت کے باوجود ایران نے پڑوسی ممالک پر حملے کرکے خود کو الگ تھلگ کرلیا۔