منی لانڈرنگ ، حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑے کریک ڈاون کا فیصلہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) حکومت نے منی لانڈرنگ ، حوالہ ہنڈی کےخلاف بڑے کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کےخلاف بھرپور کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں طے پایا غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کےخلاف شکنجہ سخت کیا جائےگا ، کسی بھی بڑے فرد یا ادارے کےساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی، رقوم صرف بینکنگ ، دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جا سکیں گی، منی چینجرز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے عمل کو بھی سٹریم لائن کیا جائےگا۔
علاوہ ازیں بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے پورے میکنزم کو شفاف اور فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا، غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل کے تمام چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائےگی،اجلاس کے دوران زور دیا گیا بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائےگا ، حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا، مقصد کیلئے سٹیٹ بینک اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو تمام متعلقہ امور پر پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔



















