پاکستان، چین قابل اعتماد شراکت دار، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان ، چین قابل اعتماد شراکت دار اور قریبی دوست ہیں، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، باہمی دلچسپی اور مشترکہ مفاد کے تمام امور پر پاکستان اور چین کے درمیان مسلسل اور قریبی رابطہ برقرار ہے،ترجمان نے کہا غیر ضروری قیاس آرائیاں یا حقائق کو مسخ کرنے کی کوئی بھی کوشش بے بنیاد اور بلاجواز ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے حالیہ ٹیلیفونک رابطے میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اسی طرح دوران گفتگو افغانستان سے متعلق پیش رفت اور علاقائی صورتحال بھی زیر بحث آئی، گزشتہ جمعرات پریس بریفنگ کے دوران بھی اس ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان سے متعلق امور زیر بحث آنے کی تصدیق کی گئی تھی، چین کے افغانستان کےلئے خصوصی نمائندہ سفیر یوئے شیاو یونگ کے دورہ پاکستان کے دوران بھی افغانستان سمیت خطے کے امن و استحکام سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی، ترجمان نے کہا چین کی پاک افغان ثالثی کی کوششوں پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، پاک چین رابطوں اور مشاورت کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیاں یا حقائق کو گھڑنا بلاجواز ہے۔