اسلام آباد، رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) رحیم یار خان کے نواحی علاقے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے کےلئے آئی خواتین پر چھت گر گئی، 8 جاں بحق ، 76 زخمی ہو گئیں، افسوسناک واقعہ چک 125 پی میں پیش آیا جب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم وصول کرنے کےلئے200سے زائد خواتین عمارت میں موجود تھیں، زیادہ رش کے باعث کمزور چھت وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک گر گئی،جاں بحق ہونے والی خواتین میں شہناز زوجہ منور نواز، مریم زوجہ یار محمد، بختاور زوجہ فضل دین، انور مائی زوجہ در محمد، چرخی مائی زوجہ گوگی، پروین اختر زوجہ بشیر احمد، حلیمہ بی بی زوجہ مصطفی اور زلیخہ بی بی زوجہ عبدالرشید شامل ہیں،ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو1122، ایدھی ودیگر امدادی اداروں کی ٹیموںنے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا،ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کو فوری طلب کر لیا گیا ہے ادھر جاں بحق خواتین کی نعشیں ورثاءکے حوالے کردی گئی ہیں،صدر آصف زرداری نے جاں بحق خواتین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی،صدرزرداری نے ہدایت کی زخمیوں کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں سے ہرممکن تعاون کیا جائے۔
رحیم یار خان: بےنظیر انکم سپورٹ سنٹر کی چھت منہدم، 8 خواتین جاں بحق، 76 زخمی


















