ذہنی غلام حکمران واشنگٹن سے عوام پر جبر کا سرٹیفکیٹ لیتے ہیں:حافظ نعیم الرحمن

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران امریکہ کے ذہنی غلام ، یہ واشنگٹن سے اپنے عوام پر جبر کا سرٹیفکیٹ لیتے ہیں۔ حماس ، ایران اور کشمیر کی قیادت اور عوام نے بدترین سفاکیت کے سامنے عظیم استقامت کا مظاہرہ کیا، ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ فلسطین ، کشمیر ، ایران سمیت تمام مسلمانوں اور مظلوم انسانیت کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور اور دیگر شہروں سے عوام کی بڑی تعداد اجتماع میں شریک تھی۔ امیر جماعت اسلامی نے نماز کے بعد غزہ، کشمیر اور ایران کے مسلمانوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں نے نام لیکر ایک دفعہ بھی امریکہ، اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کی مذمت نہیں کی۔ حکمرانوں نے اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل امریکہ سے نتھی کیا ہے، ان کیلئے ضروری ہے کہ اپنے لوگوں پر حکومت کیلئے ٹرمپ کو خوش رکھیں ،حکمران ہوش کے ناخن لیں، آج ایران ہے تو کل پاکستان کی باری آئیگی، دشمنوں کو پاکستان کا ایٹمی پروگرام کھٹکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پرافسوس کا اظہار کیا کہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کی ٹرمپ کی خوشنودی کے حصول کیلئے لائن لگی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ کو اس وقت سیلیوٹ کیا جب امریکی صدر نیتن یاہو کو غزہ پر مہلک ترین اسلحہ کے استعمال پر تھپکی اور شاباشی دے رہا تھا۔ اسرائیل امریکہ کی پشت پناہی میں ایران پر حملہ سے قبل 60، 70 برس سے فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے۔ دنیا کی طاقتیں اس پر خاموش ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صہیونی تحریک یہودیوں کی بالادستی کی تحریک ہے ، انہوں نے سرمایہ داروں کو ملا کر پوری دنیا میں ظلم و جبر کا نظام قائم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے جمہوریت کے دعوے جعلی ہے، ایپسٹین فائلز نے مغرب کی گندگی اور غلاظت کو مزید عیاں کردیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مفادات اور ذات کو پیش نظر رکھنے والا نظام کبھی انسانیت کو فائدہ نہیں دے گا۔ نظام بدلنے کی تحریک چلانا دین کا تقاضا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب انسان اللہ کی حاکمیت تسلیم کرلے تو پھر زمین پر خدا کی حاکمیت کے خلاف جدوجہد نہ کرنا کیسے ممکن ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ طاغوت کے مقابلے میں جو بھی کھڑا ہے اس کی حمایت ضروری ہے۔ ایران کی قیادت اور عوام امریکہ اور اسرائیل کے سامنے ڈٹ گئے ہیں، ایران نے اہل فلسطین کی جس طرح مدد کی کسی اور اسلامی ملک سے ممکن نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی کی تقسیم پیدا کرنے والے طاغوت کے ایجنٹ ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اب نوجوان اس نفرت سے دور ہیں۔ جماعت اسلامی، جمعیت، طلبہ عربیہ ، حلقہ خواتین کا نوجوانوں کی تربیت میں بڑا کردار ہے۔ جماعت اسلامی اتحاد امت اور عدل وانصاف کے نظام کے قیام کی تحریک ہے۔ جب ہم عوام کو جماعت اسلامی کی طرف بلاتے ہیں تو یہ ذاتی مقصد کیلئے نہیں بلکہ اقامت دین کی جدوجہد ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹرمپ ایران جنگ جیتنے کے دعوے کررہا ہے تو بمباری کن مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے کررہا ہے؟ ایران کی قیادت نے عوام کی بہت اعلیٰ تربیت کی ہے، وہ بالکل نہیں گھبرائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان پر مسلط حکمران طبقہ عوام کی اس نہج پر تربیت کرسکتا ہے جیسے ایران کی قیادت نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نظریہ پر بنا مگر بدقسمتی سے آج تک وہ نظام قائم نہ ہوسکا جس مقصد کے تحت ملک آزاد ہوا۔ پاکستان میں طاغوت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت سب سے زیادہ ہے بشرطیکہ موجودہ نظام اور اس کے پہرے داروں سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ اپنی نئی نسلوں کو شیطانی چکر سے بچانے کے لئے قران و سنت سے جوڑ دیں اور بہترین انداز و حکمت سے اپنی اولاد کی تربیت کریں تاکہ وہ حقیقی معنوں میں قلب و نظر کی ٹھنڈک بن سکیں۔