نیا سپریم لیڈر منتخب ہوتے ہی ایران کے حملوں میں اضافہ، اسرائیل پر میزائلوں کی بارش

تہران، دوحہ، تل ابیب، واشنگٹن (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) نیا سپریم لیڈر منتخب ہوتے ہی ایران کے حملوں میں اضافہ،اسرائیل پر میزائلوں کی بارش،ایران نے امریکی فوجی اثاثوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر حملے جاری ہیں جن میں کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، ایرانی فوج کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی حملے میں ایک جنگی جہاز کے عملے کے 104 افراد شہید اور 32 زخمی ہوئے،اسرائیلی فوج نے اعلان کرتے ہوئے کہا تہران کے قلب میں ایرانی مرشد اعلی کے متوقع فوجی دفتر کے سربراہ کو قتل کر دیا ہے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تہران اس وقت امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے پر بات چیت کےلئے تیار نہیں ہے، ایران خامنہ ای کے جانشین کے انتخاب کے حوالے سے داخلی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا،امریکی اڈوں، تنصیبات اور مفادات پر حملہ کر رہے ہیں جو بدقسمتی سے ہمارے پڑوسیوں کی سرزمین پر واقع ہیں،اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ایال زامیر نے کہا ایران کےساتھ معرکہ طویل عرصے تک جاری رہے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اگر واشنگٹن نے منظوری نہ دی تو ایران کا نیا سپریم لیڈر زیادہ دیر نہیں چلے گا،امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تیل کی بڑھتی قیمتیں امریکہ اور دنیا کے امن و سلامتی کے سامنے بہت چھوٹی قیمت ہیں، خام تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ مختصر مدت کے لیے ہے۔ ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے کے بعد قیمتیں دوبارہ کم ہو جائیں گی،ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو بسوں کی تلاش میں مشکلات ہیں، جو پاکستانی ہمارے تعاون سے وطن واپسی کے خواہاں ہیں سفارتخانے میں رجسٹر کرائیں،ادھر بمباری سے بے خوف ایرانی شہریوں نے اپنی حکومت کے حق میں سڑکوں پر نکل کر امریکی اور اسرائیلی کی جارحیت کی مذمت کی ،سبزوار میں ہزاروں پرجوش مظاہرین صیہونی و امریکی حملوں کےخلاف ایرانی پرچم ہاتھوں میں تھام کر سڑکوں پر نکلے اور اپنی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،سعودی وزارت خارجہ نے کہا اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو زیادہ نقصان ایران کو ہوگا، سعودی عرب مملکت اور خلیج تعاون کونسل کی دیگر ریاستوں کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت کرتا ہے،عرب میڈیا’ ’الجزیرہ“ کی رپورٹ کے مطابق فروری 2026 میں ایرانی سپریم لیڈر، اہل خانہ کی شہادت کو اسرائیل نے بڑی کامیابی قرار دیا مگر یہ امریکی سی آئی اے کے تعاون اور ایران کی اندرونی سکیورٹی کمزوری کی وجہ سے ممکن ہوا،قطری وزیراعظم محمد بن عبد الرحمان الثانی نے کہا ہمیں توقع نہیں تھی ہمارا ہمسایہ ہم پر حملہ آور ہوگا ایران کے حملوں کا کوئی بھی جواز نہیں ڈھونڈا جاسکتا،برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں قطری وزیراعظم نے کہا قطر کیلئے یہ نہایت مشکل مرحلہ ہے، ہماری کوشش ہے ہمارے شہری خطرہ محسوس نہ کریں۔