ایرانی تیل تنصیبات پر شدید بمباری، ہر طرف خوفناک آگ کے شعلے

تہران (مشرق نیوز) امریکہ اور اسرائیل نے جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایران کے آئل انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے، رات گئے ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر حملے کئے گئے۔ رپورٹس کے مطابق جنوبی تہران میں مرکزی ریفائنری کے قریب واقع آئل ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔شمال مغربی تہران میں بھی آئل ڈپو پر حملہ ہوا جہاں دور سے آگ کے خوفناک شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا جبکہ دارالحکومت کے علاقے شہران میں ایک اور حملے کی اطلاع بھی ملی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایرانی فوج کے زیر استعمال متعدد فیول سٹوریج کمپلیکس کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹینک فوجی انفراسٹرکچر کی معاونت اور فوجی اداروں کو ایندھن فراہم کرنے کیلئے استعمال ہوتے تھے۔

اسرائیلی فوج نے ان حملوں کو ایران کے فوجی انفراسٹرکچر کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایران کی صلاحیتوں کو کمزور کرنے اور اپنے خلاف خطرات ختم کرنے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گا۔