5سال بعد بدلا ہوا جدید اورخوبصورت پنجاب نظر آئے گا:مریم نواز


لاہور: (وقائع نگار)پنجاب میں پہلی مرتبہ بارش کے پانی کی نکاسی اور گراﺅنڈ واٹرری چارجنگ کےلئے 358 انڈر گراونڈ سٹوریج ٹینک کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیولنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اورمثالی گاوں پراجیکٹ پرپیش رفت کا جائزہ لیاگیا،وزیراعلیٰ نے پراجیکٹس کا پکٹوریل وزٹ کیا،اجلاس میں بتایا گیا پنجاب میں پہلی مرتبہ358 انڈر گراونڈ سٹوریج ٹینک کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جا رہاہے،شہروں میں بارش کے پانی کے بروقت نکاس کیلئے 34بڑے انڈرگراونڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنائے جائیں گے،سڑکوں پر کھڑے پانی کی جلد نکاسی کیلئے روڈ سائیڈ 324انڈر گراونڈواٹر ٹینک بنائے جائیں گے،انڈرگراونڈ واٹر ٹینک کےساتھ زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری کیلئے ری چارج ویل (Well) بھی بنائے جائیں گے،انڈر گراﺅنڈسٹوریج ٹینک سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پانی کو صاف کر کے آبپاشی کےلئے بھی استعمال کیا جاسکے گا،پنجاب میں 328ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا مختلف علاقوں میں 6100کلومیٹرسٹریٹ اورسیوریج بنایا جائے گا،مختلف شہروں میں نکاسی آب کی بہتری کیلئے 61ڈسپوزل سٹیشن کی بحالی اور56نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے،100سال تک کارآمد سیوریج پائپ لائن کی فیکٹر ی لاہور میں انسٹال، جلد پروڈیکشن شروع ہوگی،مختلف شہروں میں 14679مقامات پر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی،مختلف شہروں میں 3498 کلو میٹر طویل سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیاسرگودھا،ڈی جی خان،گجرات،اوکاڑہ،جھنگ،ملتان اورسیالکوٹ میں پی ڈی پی پراجیکٹ شروع کیاجارہاہے ،جہلم،حافظ آباد، ساہیوال،فیصل آباد،گوجرانوالہ،شیخوپورہ،ننکانہ اور راولپنڈی میں بھی پراجیکٹ شروع کیے جارہے ہیں،مختلف علاقوں میں گلیوں اورراستوں پر 33ملین مربع فٹ ٹف ٹائل لگائی جائیں گی،پنجاب کے مختلف شہروں میں نکاسی آب اوردیگر امور کیلئے 526جدید ترین مشینیں اورٹریکٹر وغیرہ فراہم کیے جا ئیں گے،پنجاب رورل سینی ٹیشن ایمپورمنٹ پروگرام کے تحت ڈرینج سسٹم بنائے جائیں گے،مثالی گاوں پراجیکٹ کے تحت 485دیہات میں 59ارب کی ترقیاتی پراجیکٹس مکمل ہونگے، پنجاب کے 200دیہات میں مثالی گاوں پراجیکٹ شروع ہیں،اجلاس میں بتایا گیاگندے پانی کے تالاب، جوہڑ کی صفائی اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگیں گے،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے پانی آبپاشی کیلئے کھیتوں میں مہیا کیا جائےگا،اجلاس میں مختلف شہروں میں صاف پانی کی بوتلیں فراہم کرنے کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،پوٹھوہار میں سمال ڈیمز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی، مریم نوازنے دیہات میں ترجیحاً پختہ گلیاں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مون سون سے پہلے نکاسی آب، گجرات اورسیالکوٹ میں ڈرینج پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیا ،وزیراعلیٰ نے کہا70،80سال میں وہ کام نہیں ہوئےجو پنجاب میں آج کیے جارہے ہیں،5 سال کے بعد بدلا ہوا جدید اورخوبصورت پنجاب نظر آئے گا،مزید بر آں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اورناجائز منافع خوروں کےخلاف گرینڈ آپریشن کا آغازکردیا گیا۔

مریم نواز کے حکم پر پنجاب انفورسیمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی متحرک ہوگئی،ناجائزمنافع خوری کےلئے مصنوعی قلت پیدا کرنےوالے عناصر کےخلاف کریک ڈاون کا حکم دیدیا ،ملوث پمپس فوری سیل، لائسنس منسوخ ہوں گے، وزیراعلیٰ نے پیرا کو ذخیرہ اندوزوں کےخلاف ”زیرو ٹالرینس“کی ہدایت کرتے ہوئے فیلڈ افسران کو پٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا پٹرول مافیا کے گرد پنجاب حکومت نے فولادی شکنجہ تیارکرلیا، پنجاب میں گلف ریجن کی جنگ کا بہانہ بنا کر عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاے گی،پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، مصنوعی قلت کا شوشہ چھوڑنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔