حکومتی فضول خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا درست نہیں:سہیل آفریدی

پشاور(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے حکومتی فضول خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا درست طرز حکمرانی نہیں۔

ایران جنگ کے باعث فیول سپلائی لائنز متاثر ہونے کے خدشات پر وفاقی وزیر خزانہ و پٹرولیم کےساتھ اجلاس ہوا، وفاقی حکومت نے ممکنہ سپلائی بحران اور قیمتوں پر اثرات کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کو بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا خیبرپختونخوا حکومت ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گی جن سے براہ راست عوام متاثر ہوں،حکومتیں خود فضول خرچیاں کریں اور پھر بحران کا بوجھ عوام پر ڈال دیں یہ طرز حکمرانی درست نہیں،ایران امریکہ اسرائیل تنازع کا بوجھ پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر ڈالنا مسئلے کا حل نہیں،بحران کے وقت لگژری اخراجات کے بجائے یہی وسائل عوام کو سبسڈی دینے پر خرچ ہونے چاہئیں۔