معاشی ترقی، سادگی، بچت پر مبنی لائحہ عمل48گھنٹوں میں تشکیل دیا جائے :وزیر اعظم


اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،وقائع نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے وزیر خزانہ و پٹرولیم صوبوں کے دورے کریں،معاشی ترقی، سادگی، بچت پر مبنی لائحہ عمل48گھنٹوں میں تشکیل دیا جائے۔

شہبازشریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال پر جائزہ اجلاس میں عالمی سطح پر حالیہ کشیدگی، خطے پر پڑنے والے معاشی اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی 48 گھنٹوں کے اندر سادگی اور بچت پر مبنی ایسا قابل عمل لائحہ عمل پیش کیا جائے جو عوام پر بوجھ کم سے کم ڈالے اور عوامی ریلیف کو ترجیح دے،کوئی بھی پٹرول پمپ یا کمپنی جو مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی گئی ،فوری لائسنس منسوخ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم چاروں صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور بلاتعطل فراہمی کےلئے منصوبہ بندی اور لائحہ عمل تیار کریں،اجلاس میں کمیٹی کو مزید فعال رہ کر عوام کےلئے سہل و موثر سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

مزید برآں لاہور میں وزیراعظم شہبازشریف نے جاتی امرا میں صدرن لیگ نواز شریف سے ملاقات کی ، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، حکومت ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے،نواز شریف نے ہدایت دیتے ہوئے کہا غریب آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے جو بھی ممکن اقدامات کیے جا سکتے ہیں وہ کیے جائیں۔