اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے بلائے گئے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی شرط رکھ دی۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات تک حکومتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومتی دعوت اسی صورت قبول کی جائے گی جب ملاقات کا مطالبہ تسلیم کیا جائے گا، پی ٹی آئی عدلیہ کے احکامات کی بالادستی کا مطالبہ کرتی ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بغیر تاخیر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ فیملی اور وکلا کی ملاقات کرائی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کا علاج ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں یقینی بنایا جائے۔سیاسی کمیٹی نے افغانستان کے ساتھ کشیدہ صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور ایران پر اسرائیل اور امریکی جارحیت اور قتل عام کی مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف کارروائی دنیا کو مزید افراتفری کی طرف دھکیلنا ہے، ایران اور خلیجی ریاستیں انتہائی ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل فوری طور پر غیر قانونی جارحیت اور اشتعال انگیز اقدامات روکے۔
سیاسی کمیٹی اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر شہدا کیلئے فاتحہ خوانی جبکہ نہتے شہریوں خصوصاً 160 طالبات کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
تحریک انصاف نے حکومتی مشاورتی اجلاس میں بانی سے ملاقات کی شرط رکھ دی



















