مشرق وسطیٰ کیلئے 116 پروازیں منسوخ،ہزاروں مسافر رل گئے


اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ) بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے مشرق وسطیٰ جانے والی مجموعی طور پر 116 پروازیں منسوخ ،ہزاروں مسافر رل گئے،منسوخ ہونےوالی پروازیں متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر سمیت دیگر ممالک کیلئے تھیں۔

کراچی ائیرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، قطر، کویت اور بحرین کی 32 پروازیں منسوخ ہوئیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 28، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 20 اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 16 پروازیں منسوخ کی گئیں، ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 10، فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 4 جبکہ کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 2 پروازیں منسوخ ہوئیں،متاثرہ ائیرلائنز میں ایمریٹس، اتحاد ائیر عربیہ،پی آئی اے، ائیر بلو، فلائی دبئی، قطر ائیر ویز اور فلائی جناح شامل ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا کمرشل پروازوں کےلئے ملکی فضائی حدود کی بندش سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،ادارے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹم میں بتایا گیا سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پر پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کمرشل پروازوں کےلئے بند کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں تاہم خبریں گمراہ کن ہیں۔