اسلام آباد (بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری نے ایک بار پھر واضح کہا ہے پاکستان کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو اپنے امن کو غیر مستحکم کرنے کےلئے کسی پڑوسی ملک کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دےگا، سرحد پار دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے،ہم نے افغان عوام کو ہمیشہ بہت عزیز رکھا ، کبھی بھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے، افغان عوام کو لامتناہی جنگوں سے وقفے کی ضرورت ہے ،قوموں کا امتحان صرف بحران میں نہیں، اہم موڑ پر بھی ہوتا ہے، جمہوریہ کی طاقت آئین، عوامی ثابت قدمی، پارلیمنٹ اور حکومت کی ذمہ داری، مسلح افواج کے حوصلے میں مضمر ہے، نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر ہمیں اسی عزم کو آگے بڑھانا ہے، ملکی خودمختاری کا تحفظ، آئین کی حکمرانی اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے ،ہماری بہادر افواج نے معرکہ حق میں بھارتی حملے کو تاریخی تذویراتی فتح میں بدل دیا، 26 فروری کی رات طالبان رجیم نے مغربی سرحد پر حملے کیے،سیاسی قیادت متحد اور قوم ثابت قدم رہی، بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے عسکری اور سفارتی محاذوں پر کامیاب رہے، عالمی برادری نے ہماری اصولی اور فیصلہ کن کارروائی کو تسلیم کیا، سندھ طاس معاہدے کو التوا میں ڈالنے کے غیر قانونی بھارتی اقدامات آبی دہشتگردی ہیں،ہم اتحاد، عزم، طاقت اور قانون کے ساتھ اپنے پانی کے حق کا دفاع کریں گے،بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی تک جنوبی ایشیا محفوظ نہیں ہوسکتا،مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ فلسطین پر پاکستان اصولی موقف رکھتا ہے،ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوران چھیڑی جانے والی جنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، خطے کو مزیدبحران سے بچانے کیلئے امن، تحمل اورمذاکراتی حل پر زور دیتے ہیں ،پاکستان اور امریکہ میں سٹرٹیجک تعاون اورشراکت داری کی نئی راہیں کھلی ہیں،آنیوالا وقت دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے مزید تعمیری ہوگا،پاکستان سعودی عرب سٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدہ خطے اہم سنگ میل ہے،پاکستان اور چین کے تعلقات تمام شعبوں میں نئی بلندیوں پر پہنچے ہیں، سی پیک 2پاکستان کے بنیادی ڈھانچے میں انقلاب برپا کرے گا،منتخب صدر کی حیثیت سے وفاق اور پارلیمنٹ کے اتحاد کی حفاظت کا پابند ہوں، بلوچستان کی محرومیوں پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے،تنخواہ دار طبقے، پنشنرز، محنت کشوں اور چھوٹے تاجروں نے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے، آئندہ مرحلے میں جامع ترقی، ملازمتوں اور براہ راست ریلیف پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جبکہ صدر مملکت آصف زر داری کے خطاب کے دور ان اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی ، اپوزیشن اراکین خطاب کے دور ان صدر مملکت کےخلاف”گو زرداری گو“ کے نعرے لگا تے رہے ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زر داری نے کہایہ منفرد اعزازہے کہ بطوردوبارمنتخب صدرمملکت پارلیمنٹ سے یہ میرا 9واں خطاب ہے،پارلیمنٹ سے ایسا ہر خطاب جمہوری نظام کے تسلسل اورذمہ داری کی یاد دہانی ہے، قوموں کا امتحان صرف بحران میں نہیں ،اہم موڑ پر بھی ہوتا ہے، جمہوریہ کی طاقت آئین، عوامی ثابت قدمی، پارلیمنٹ اور حکومت کی ذمہ داری، مسلح افواج کے حوصلے میں مضمر ہے، نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر ہمیں اسی عزم کو آگے بڑھانا ہے، ملکی خودمختاری کا تحفظ، آئین کی حکمرانی اور معاشی ترقی کو فروغ دیناہے،پنے شہریوں کی خوشحالی اور امن کیلئے ترقی اور استحکام کاعمل آگے بڑھانا ہے، آج ہم ان بنیادوں پر کھڑے ہیں جو ہماری قومی جدوجہد کے معماروں نے رکھی تھیں، قائداعظم نے ایسی جمہوری ریاست کا تصور پیش کیا جو آئین اور قانون کی حکمرانی پر قائم ہو، صدر زر داری نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین دیا،محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدنے قربانی اور مثالی قیادت سے جمہوری عمل کو مضبوط کیا،پارلیمنٹ کی بالادستی پرمیرا ایمان صرف الفاظ تک محدود نہیں ، عملی اقدامات سے ظاہر ہے،گزشتہ دور میں یکطرفہ طور پر صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کیے،تاریخی 18ویں ترمیم کے ذریعے صدر مملکت کا منصب وفاق کی وحدت کی علامت ہے،یہ منصب وفاقی اکائیوں کے درمیان پل اور آئینی قوانین کا نگہبان ہے،گزشتہ 10ماہ میں ہماری قوم نے پیچیدہ چیلنجز کاسامنا کیا، جب بھی قومی خودمختاری کو کسی بھی محاذ پر چیلنج کیا گیا، پاکستان نے تحمل اور مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا،آصف زرداری نے کہادونوں سرحدوں پر بلااشتعال حملوں پرہماری افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کا ثبوت دیا، بہادرافواج نے معرکہ حق میں بھارتی حملے کو تاریخی تذویراتی فتح میں بدل دیا،26 فروری کی رات طالبان رجیم نے مغربی سرحد پر حملے کیے، ہماری سکیورٹی فورسز نے فیصلہ کن اقدام سے واضح کر دیا کسی دراندازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، سیاسی قیادت متحد اورقوم ثابت قدم رہی، صدرمملکت نے پوری قوم کے طرف سےاپنی سرحدوں کے بہادر محافظوں سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہانڈرسپوتوں کی مستعدی، بہادری اور خدمت کی بدولت ہم آج محفوظ ہیں، مختصر ہوں یا طویل، ہماری افواج اوراداروں کی قربانیوں کو محض اعداد میں نہیں سمیٹا جا سکتا،ہم میڈیا پر اپنی بہادر افواج اور اداروں کے کارنامے فخر سے دیکھتے ہیں، ہم ان کی تربیت، مشقت اور خدمت میں شامل خون، پسینہ اور آنسو نہیں دیکھ پاتے،ہر شہید ایسے خاندان کی نمائندگی کرتا ہے جس نے ملکی استحکام کےلئے عظیم قربانی دی،شہداءکے اہلخانہ کیلئے وہی درد محسوس ہے جو محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر محسوس کیا تھا،بطور ریاست ہمیں ان خاندانوں کی عزت اور وقار کے ساتھ مسلسل کفالت کرنی ہے،2025 پاکستان کےلئے فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا،2025کی پہچان معرکہ حق میں شاندار کامیابی ہے جس نے بیرونی جارحیت کو ناکام بنایا،اللہ کے فضل سے یہ صرف عسکری فتح نہیں بلکہ قومی عزم کا اظہار تھا،بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے عسکری اور سفارتی محاذوں پر کامیاب رہے، عالمی برادری نے ہماری اصولی اور فیصلہ کن کارروائی کو تسلیم کیا، آصف زر داری نے کہامقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی تک جنوبی ایشیا محفوظ نہیں ہوسکتا، تنگ نظربھارتی رہنما ایک اور جنگ کی تیاری کے دعویدار ہیں،علاقائی امن کے داعی کے طور پرایسے اقدامات کوہرگز مناسب نہیں سمجھتا،جنگ کی صورت میں جارح کو ایک اور ذلت آمیز شکست کےلئے تیار رہنا چاہیے، جنگ کے میدان سے مذاکرات کی میز کی طرف آئیں، یہی علاقائی سلامتی کا راستہ ہے ،صدر مملکت نے کہاپاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے ،اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں ،بوقت ضرورت اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں، ہمارا طرز عمل پختگی، اعتماد اور مقصد کی وضاحت کا عکاس ہے،2025 میں بھی ہم نے اہداف کے حصول کے بعد تحمل کا مظاہرہ کیا،ہمارے اس پیغام کو خطے اور اس سے باہر واضح طور پر سمجھا گیا، گزشتہ ہفتے بھارت نے افغانستان کے راستے پراکسی کارروائیوں میں اضافہ کیا ،طالبان رجیم نے دیکھا ریڈلائن پارکرنے سے پاکستان کاردعمل کیسا ہوتا ہے، پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردوں کی دراندازی روکنے کیلئے سفارت کاری کی ہر ممکن کوشش کی ، ہمارے لیے جنگ ہمیشہ آخری آپشن ہے۔
ملک کو غیرمستحکم کرنے کی اجازت نہیں دینگے: صدر زرداری

















